مکرمی! ٹک ٹاک سے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والی حریم شاہ مرکز نگاہ بنی ہوئی ہے اس کے انکشافات ہیںکہ وقتاً فوقتاً حکمرانوں پر بجلی بن کر گرتے ہیں۔ حریم شاہ نے پی ٹی آئی کے سیاست دانوں کے ایسے سفاک چہرے دنیا کو دکھا دئیے جس کے بارے میں اس سے قبل لوگ لاعلم تھے۔ پی ٹی آئی حریم شاہ کی ویڈیو اور آڈیو لیک کرنے پر پریشانی کا شکار تو ہے کیونکہ تمام سیاستدان حمام میں ننگے ہیں اور ایک دوسرے سے نظریں چراتے نظر آتے ہیں۔سب کے منافق چہروں کو اگر بے نقاب کر دیا تو کیا غلط کیا۔ سیاستدان حریم شاہ پر تنقید کرنے کے بجائے ایسے کاموں سے اجتناب کیوں نہیں کرتے جن سے عزت اور نیک نامی پر حرف آئے۔ اگر دیکھا جائے تو افشاں لطیف جیسی شریف النفس عورت نے جب ان خرابیوں کی شکل دکھانے کی کوشش کی کہ جس میں بڑے بڑے با اثر لوگ شامل ہیں تو انہیں نوکری سے معطل کردیا گیاتا کہ ان کے چہرے دنیا کے سامنے نا آجائیں۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے اگر سیاستدانوں کا کردار اتنا ہی پاکیزہ اجلا اور بے داغ ہے تو ان کی وضاحت پیش کرنے سے آپ کترا کیوں رہے ہیں اور ہر لحاظ سے حریم شاہ کو غلط ثابت کرنے کی کوشش کیوں کررہے ہیں۔ اگرچہ اس کا انداز غلط ہے مگر اس نے بہت سے عزت دار سیاستدانوں کو بے نقاب ضرور کیا ہے۔ (سدرہ اسلم لاہور)