اسلام آباد ، گلگت ( سپیشل رپورٹر، این این آئی،آن لائن )وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مولانا کے ہوتے ہوئے یہودیوں کو کسی سازش کی کیا ضرورت ہے ؟ فضل الرحمن کے مارچ سے پاکستان کے دشمن خوش ہو رہے ،جتنی مرضی دیر آپ نے بیٹھنا ہے بیٹھیں ، آپ کو این آر او نہیں دوں گا،سب کی باری آئے گی،وزیراعظم نے پارٹی کی کور کمیٹی کا ہنگامی اجلاس آج طلب کرلیا۔ جمعہ کو گلگت بلتستان کے یوم آزادی کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ہم یہاں گلگت بلتستان کے یومِ آزادی کا جشن منارہے ہیں اور ایک آزادی مارچ اسلام آباد میں ہورہا ہے ۔ وہاں بڑی تعداد میں لوگ میں جمع ہیں، پاکستان کا میڈیا جا کر لوگوں سے پوچھے تو سہی کہ وہ کس سے آزادی لینے آئے ہیں؟۔عمران خان نے کہا کہ اگر آپ پیپلزپارٹی والوں سے پوچھیں گے تو وہ کوئی اور بات شروع کردیں گے ، (ن )لیگ والوں سے پوچھیں گے تو انہیں پتہ ہی نہیں ہوگا کہ وہ اس مارچ میں کیوں ہیں؟ اگر جے یو آئی والوں سے پوچھیں گے تو وہ کہیں کہ یہودی اسلام آباد کا قبضہ کرنے لگے ہیں، میں ان سب کو کہنا چاہتا ہوں کہ فضل الرحمن کے ہوتے ہوئے یہودیوں کو سازش کی ضرورت کیا ہے ؟انہوں نے کہا کہ فضل الرحمن کے مارچ سے پاکستان کے دشمن خوش ہورہے ہیں صرف بھارت کا میڈیا دیکھ لیں جوخوش ہورہا ہے ،ایسا لگے گا جیسے وہ بھارتی شہری ہیں۔ محمود خان اچکزئی سے کوئی پوچھے کہ آپ یہاں کیا کرنے آئے ہیں ؟ آپ تو ہر وقت جے یو آئی کی مخالفت کرتے تھے ؟۔ بلاول بھٹو لبرلی کرپٹ ہیں ،باقی لبرل ان کے آس پاس سے نہیں گزری کیونکہ وہ بھی آزادی مارچ میں آگئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جتنی مرضی دیر آپ نے بیٹھنا ہے بے شک بیٹھیں لیکن میں ایک چیز کہنا چاہتا ہوں کہ آپ کو این آر او نہیں دوں گا باری سب کی آئے گی ۔ تین بار کے وزیراعظم کے بیٹے لندن میں اربوں روپے کے فلیٹس میں رہتے ہوں، شہباز شریف کا بیٹا اور داماد بھی ملک سے باہر بھاگے ہوئے ہیں، اگر چوری نہیں کی تو حساب دو۔ وزیراعظم نے مزید کہا ہے نریندر مودی 5 اگست کو آخری پتا کھیل چکا ہے ، جیسے ہی کرفیو اٹھے گا انسانوں کا سمندر اپنی آزادی کے حصول کیلئے باہر نکلے گا اور کوئی طاقت کشمیر کو آزاد ہونے سے نہیں روک سکتی۔ وزیراعظم نے شہریوں کو یومِ آزادی کی مبارک باد دی اور کہا کہ پاکستان کے بہت کم لوگوں کو اندازہ ہے کہ یہاں کے لوگوں نے 1948 میں بلتستان اور سکردو کو آزاد کرایا۔انہوں نے کہا کہ بحیثیت قوم ہم نبی کریم ﷺکی امت ہیں، ہمیں مدینہ کی ریاست کے اصولوں پر چلنا ہے ہمارا ملک اس وقت اٹھے گا جب ہم انہی اصولوں پر پاکستان کو چلائیں گے ۔ وزیراعظم نے یادگارِ شہدا پر پھول چڑھائے ، شہدا کیلئے دعا کی۔بعدازاں آزادی پریڈ کی تقریب میں شرکت کی۔ وزیراعظم نے گلگت بلتستان میں 250 بستروں کے ہسپتال سمیت اربوں روپے کے چار منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا۔ جن میں سکردو میں 250 بستر کے ہسپتال کاافتتاح ، روندو سکردو میں ساڑھے 34 میگاواٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ ، سکردو میں 26 میگاواٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ جبکہ ریجنل گرڈ گلگت بلتستان فیز ون منصوبہ شامل ہے ۔ ادھر وزیراعظم کی زیر صدارت گلگت میں اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں ترقیاتی منصوبوں اور سیکورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ دریں اثناوزیراعظم نے پارٹی کور کمیٹی کا ہنگامی اجلاس آج سہ پہر دو بجے بنی گالہ میں طلب کر لیا، اجلاس میں دھرنے ،سیاسی صورتحال پر غور اور اہم فیصلے ہونگے ۔