پاکستان نے فضا سے مار کرنے والے جدید ترین کروز میزائل ’’رعد 2 ‘‘ کا کامیاب تجربہ کیا ہے جس میںجدید ترین گائیڈینس اور نیوی گیشن سسٹم نصب ہے اور یہ 600 کلومیٹر تک کے فاصلے پر زمین اور سمندر میں اپنے ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنا سکتا ہے۔ پاکستان ایک پرامن ملک ہے لیکن خطے کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر وہ کسی طور پر اپنے دفاع سے غافل نہیں رہ سکتا۔ اس کے پڑوس میں ہتھیاروں کے ڈھیر لگائے جا رہے ہیں اور دفاعی بجٹ میں مسلسل اضافہ کیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے خطے میں طاقت کے عدم توازن کے ساتھ ساتھ ہتھیاروں کی دوڑ کو فروغ مل رہا ہے۔ جارحانہ پالیسی، مذہبی جنون اور خطے میں اپنی برتری تسلیم کرانے کیلئے بھارت جو خواب دیکھ رہا ہے اس کیلئے ضروری ہے کہ پاک فوج کی نہ صرف پیشہ وارانہ صلاحیت میں اضافہ کیا جائے بلکہ مہم جوئیوں سے نمٹنے کیلئے یہ بھی ضروری ہے کہ پاکستان اپنی میزائل ٹیکنالوجی پر بھرپور توجہ دے اور اپنے دفاعی بجٹ میں اضافہ کرے۔ اپنے بڑے پڑوسی کے مقابلے میں پاکستان کا دفاعی بجٹ اب بھی بہت کم ہے لیکن پاک فوج کو پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور ایمان، جرأت اور جذبے میں وہ برتری حاصل ہے جس کا دشمن کے پاس کوئی جواب نہیں ہے۔