کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ایک روز تیزی کے بعد منگل کو مندی کا رجحان دیکھنے میں آیا جس کے نتیجے میں کے ایس ای100انڈیکس 30000 اور 29900پوائنٹس کی نفسیاتی حدوں سے گرتے ہوئے 247.61پوائنٹس کمی سے 29809.68 پوائنٹس کی سطح پر آگیا جبکہ68.04فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی جس سے سرمایہ کاروں کو 46 ارب19کروڑ روپے سے زائدکا نقصان ہوا ۔ مارکیٹ کے اختتام پرکے ایس ای 100انڈیکس 247.61پوائنٹس کمی سے 29809.68 پوائنٹس پر بندہوا ۔ گزشتہ روز مجموعی طورپر338کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا،جن میں سے 89کمپنیوں کے حصص کے بھاومیں اضافہ، 230 کمپنیوں کے حصص کے بھاو میں کمی جبکہ19کمپنیوں کے حصص کے بھاو میں استحکام رہا۔ دریں اثناانٹربینک مارکیٹ میں منگل کو امریکی ڈالر مزید 9 پیسے سستاہوگیاجبکہ اوپن مارکیٹ میں مستحکم رہا۔انٹربینک مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالرکی قیمت میں مزید9پیسے کی کی ریکارڈکی گئی جس کے نتیجے میں امریکی ڈالر کی قیمت خرید 156.64روپے سے گھٹ کر 156.55 روپے اورقیمت فروخت 156.74 روپے سے گھٹ کر 156.65 روپے ہوگئی تاہم اوپن کرنسی مارکیٹ میں پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالرکی قیمت خرید156.20روپے اورقیمت فروخت 156.70 روپے پرمستحکم رہی۔ادھربین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں 6 ڈالرکااضافہ ہوا تاہم ملکی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں استحکام رہاصرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت 88600روپے اوردس گرام سونے کی قیمت 75960روپے پرمستحکم رہی ۔