اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) وزیر اعظم عمران خان نے ایک بار پھر این آر او دینے کی سختی سے نفی کر دی۔وزیراعظم نے کہا ہے کہ کسی بادشاہ سے سفارش کرائیں یا گھٹنے دبائیں، این آر او نہیں دوں گا۔ملک میں کرپشن کرنے والوں کے خلاف وزیر اعظم عمران خان نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے فیس بک بیان میں کہاہے کہ جب تک ان کا احتساب نہیں ہوتا، اس وقت تک ملک ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہو سکتا۔وزیر اعظم نے کسی کا نام لئے بغیر لکھا کہ وہ صرف مجھ سے تین الفاظ ’این آر او‘ سننا چاہتے ہیں، جو میں بول نہیں سکتا کیوں کہ یہ ملک کے ساتھ غداری کے مترادف ہو گا۔علاوہ ازیں وزیراعظم کی زیرصدارت کرتارپور راہداری کے افتتاح کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں راہداری کے افتتاح، بھارت اور دنیا بھر سے آنے والے سکھ زائرین کی سہولت کاری کے لئے کئے جانے والے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔وزیر اعظم عمران خان نے سکھ زائرین کے لئے مہیا کی جانے والی سہولیات اور انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا گورو نانک جی کے 550 ویں جنم دن کی تقریبات کے لئے ریکارڈ مدت میں کرتاپور تیار کرنے پر اپنی حکومت کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا سکھ یاتریوں کے خیر مقدم کے لئے کرتار پور پوری طرح تیار ہے ۔وزیراعظم نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ کرتارپور راہداری کی ریکارڈ مدت میں تکمیل پر حکومت کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔