لاہور،کراچی ،اسلام آباد،راولپنڈی،پشاور(سٹاف رپورٹر ،خصوصی نمائندہ،نیوز رپورٹر،اپنے رپورٹر سے ،وقائع نگار خصوصی،خصوصی نیوز رپورٹر،جنرل رپورٹر،کرائم رپورٹر،سپیشل رپورٹر،نمائندگان)لاہور سمیت ملک بھر میں یوم شہداپولیس عقیدت واحتراج کیساتھ منایاگیا۔اس موقع پر ممتاز شخصیات نے شہدائے پولیس اور ان کے ورثا کو خراج عقیدت پیش کیا، یادگار شہدا پر حاضری دی ، پھولوں کی چادر چڑھائی اور درجات کی بلندی کیلئے دعائیں کیں۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی ،وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ پولیس افسروں ،اہلکاروں کی جانب سے دی گئی لازوال قربانیوں پر خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، مشکل حالات اور محدود وسائل کے باوجود پولیس نے قیام امن اور عوام کی حفاظت کے لئے مثالی کردار ادا کیا اور اس ضمن میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے شہداء کو سلام پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ پولیس نے ہمیشہ مضبوط فورس ہونے کا ثبوت دیا ہے ۔انسدادد ہشت گردی میں پولیس نے فورسز کے ساتھ کھڑے ہوکر شانہ بشانہ وطن کو محفوظ کرنے میں کردار ادا کیا ۔ اب پولیس انتھک محنت کے بعد مضبوط و پیشہ ورانہ فورس بن چکی ہے ۔وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی،وزیرداخلہ اعجاز شاہ،چاروں صوبوں کے گورنرز،گلگت بلتستان کے گورنر اور وزرا،صوبائی وزیرصحت پنجاب یاسمین راشد،حمزہ شہباز اوردیگرحکومتی اور اپوزیشن اراکین ،آئی جی پنجاب عارف نواز،سی سی پی او لاہوربی اے ناصر،چیف سیکرٹری یوسف نسیم کھوکھر، جی او سی میجر جنرل د یوسف مجوکہ سمیت بڑی تعداد میں منتخب عوامی نمائندوں اور سرکاری افسروں نے شہداکو خراج عقیدت پیش کیا۔الحمراہال میں ہونیوالی مرکزی تقریب میں شہید اے ایس آئی گلفام کی صاحبزادی ہما گلفام اور دو شہید کانسٹیبل بھائیوں کے بھائی کی جذباتی تقریروں پر شرکا آبدیدہ ہوگئے ۔تقریب کے مہمان خصوصی گورنر پنجاب چودھری سرور تھے جبکہ صوبائی وزرا کرنل (ر) ہاشم ڈوگر سمیت بڑی تعداد میں منتخب عوامی نمائندوں اور سرکاری افسروں نے شرکت کی۔سی ٹی او کیپٹن (ر) ملک لیاقت نے جب پولیس کے موضوع پر ایک نظم سنائی تو سامعین نے تالیاں بجا کر زبردست داد دی۔ سی سی پی او لاہور نے شہدائے پولیس کے رشتہ داروں اعزاز میں کھانے کے دوران شہدا کے بچوں میں تحائف بھی تقسیم کئے ۔ اس موقع پر انہوں نے شہدا کے ورثا کے مسائل سنے اور موقع پر ہدایات جاری کیں۔سی سی پی او لاہور بی اے ناصر نے یوم شہدائے پولیس کے سلسلے میں اپر مال روڈ پر واقع یادگار شہدا پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن ڈاکٹر انعام وحید، ڈی آئی جی آپریشنز اشفاق احمد خان، ایس ایس پی ایڈمن اطہر وحید، ایس ایس پی آپریشنز اسماعیل کھاڑک اور دیگر سنیئر پولیس افسر بھی موجود تھے ۔ سی سی پی او نے پھولوں کی چادر چڑھانے کے بعد یادگار پر سلامی پیش کی ۔ یوم شہدا پر ریلوے پولیس کی تمام ڈویژنوں میں شہداکو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ریلوے پولیس لائن لاہور میں شہدائے ریلوے پولیس کے ایصال و ثواب کے لئے قرآن خوانی کرائی گئی جس میں ایس پی ریلوے پولیس لاہور ڈویژن شاہد نواز نے بھی شرکت کی۔ تمام ڈویژنوں کے ایس پیز نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور ریلوے پولیس شہدا کے بچوں میں تحائف بھی تقسیم کئے ۔ سی ٹی او لاہور کیپٹن(ر)لیاقت علی ملک نے شہید سید احمد مبین کی قبر پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ سی ٹی او کیپٹن(ر)لیاقت علی نے کہا کہ وہ شہریوں کے تحفظ کیلئے جان کا نذرانہ پیش کرنے میں کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔اس موقع پر شہید پولیس آفیسر سید احمد مبین کی والدہ بھی موجود تھیں، تقریب کے تمام شرکا نے فاتحہ خوانی کی اور عقیدت کے پھول نچھاور کیے ۔ ایس پی ٹریفک سردار آصف خاں اور وارڈنز نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اشفا ق خان نے ارفع کریم ٹاور بم دھماکے میں شہید ہونے والے دو سگے بھائیوں کانسٹیبلز غلام مرتضیٰ اور علی رضا کی قبروں پر حاضری دی۔علاوہ ازیں ایف آئی اے ہیڈکوارٹر میں بھی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ڈی جی ایف آئی اے بشیر احمد میمن نے یادگارِ شہدا میں پھول چڑھائے اور لواحقین کے مسائل سنے اور فوری طور پر حل کرنے کے احکامات دئیے ۔قبل ازیں راولپنڈی پولیس لائنز میں یوم شہداء کی تقریب منعقد ہوئی۔جس میں مہمان خصوصی بشارت راجہ ، ترجمان حکومت پنجاب شہباز گل ،ڈسٹرکٹ اینڈسیشن جج راولپنڈی رانا مسعود اختر،آر پی او راولپنڈی احسان طفیل ، سی پی او راولپنڈی فیصل رانا ، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی محمد علی رندھاوا ،ممبران قومی و صوبائی اسمبلی،ہائیکورٹ بار اور ڈسٹرکٹ بار کے ممبران ، 111بریگیڈ کے افسران کے علاوہ راولپنڈی پولیس کے افسران اور شہدا کی فیملیز سمیت لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔