میرے بیٹے کو ڈینگی ہو گیا تھا ،ابھی بھی وہ دوائیں لے رہا ہے ،مجھے بتائیے اسے کھانے میں کیا کھلائوںتاکہ اس کی اینرجی بحال ہو سکے۔(مسزصوبیہ)

اچھی خوراک صحت کے لئے بہت ضروری ہے۔ کم غذائیت یا آلودہ خوراک کھانے کی وجہ سے جسم کا مدافعتی نظام کمزور ہو جاتا ہے جو کہ ڈینگی وائرس کو زیادہ تقویت دیتا ہے۔ ڈینگی بخار ہونے کے بعد عوام کا پورا دھیان دوائیوں کی طرف ہو جاتا ہے جبکہ اس بات کو قطع نظر کر دیتے ہیں کہ ڈینگی بخار میں کونسی غذا زیادہ استعمال کرنی چاہیے۔ جس سے ڈینگی بخار کی علامات کو کنٹرول کیا جا سکے اور اچھی صحت کو برقرار رکھا جائے۔ ڈینگی بخار میں پروٹین کا استعمال زیادہ کریں اور نرم غذا استعمال کریں تاکہ آسانی سے ہضم ہو سکے۔ گھی میں تلی ہوئی چیزوں اور مصالوں سے پرہیز کریں۔ کافی کا استعمال کم کریں۔ ڈینگی بخار میں وٹامن B12 اور وٹامن ڈی کی کمی ہو سکتی ہے تو ان کا استعمال بڑھا دینا چاہیے۔ انڈا مرغی کا گوشت یا یخنی کا استعمال زیادہ کریں اس سے نہ صرف پروٹین ملتی ہے بلکہ وٹامن، منرلز بھی جسم کو مہیا ہوتی ہیں۔

سبز سبزیوں کا استعمال زیادہ کریں یہ مدافعتی نظام کو بہتر بناتی ہیں اور ڈینگی وائرس کے خلاف مدافعت پیدا کرتی ہیں۔ مالٹے کا جوس اور لیمن کا استعمال زیادہ کریں ان کے اندر اینٹی اوکسیڈ نٹس وافر مقدار میں موجود ہوتے ہیں جو کہ ڈینگی بخار میں بہت اہمیت کے حامل ہوتے ہیں اور ڈینگی بخار کی علامات کو کم کرنے میں مددگار ہوتے ہیں۔ پپیتا ڈینگی بخار میں بہت کارآمد پھل ہے اس کا استعمال زیادہ سے زیادہ کریں۔ پپیتا پھل کی صورت میں بھی کھایا جا سکتا ہے جبکہ اس کے پتوں کو خشک کر کے سفوف استعمال کرنے سے بہت جلدی افاقہ ہوتا ہے۔ اچھی خوراک ہی اچھی صحت کی ضامن ہے اور اچھی صحت ہی خوشحال زندگی کی ضامن ہے اس لئے غذائیت سے بھرپور غذا کھائیں اور خوشحال زندگی گزاریں۔