لاہور،ساہیوال،ملتان(خصوصی نمائندہ،ڈسٹرکٹ رپورٹر،آن لائن )وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدارنے ملتان سے لاہورآتے ہوئے میاں چنوں،اوکاڑہ اور ساہیوال کے اچانک دورے کئے ،صفائی ،امن وامان سمیت دیگر امورکا جائزہ لیا۔قبل ازیں وزیراعلیٰ سے سرکٹ ہاؤس ملتان میں تحریک انصاف کے کارکنوں اور لوگوں نے ملاقات کی،وزیر اعلی نے پارٹی کارکنوں اور لوگوں کے مسائل سنے اور ان کے حل کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے ،وزیر اعلی فرداً فرداً ہر نشست پر گئے ، کارکنوں اور لوگوں سے ہاتھ ملایا اور ان کا حال احوال پوچھا،مختلف محکموں کے سیکرٹریز بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ وزیر اعلی آفس کے دروازے کارکنوں کے لئے کھلے ہیں ، ایک سال میں صوبے کو درست سمت کی جانب گامزن کر دیا ، انہوں نے کہا کہ مولانا کے بارے میں بات ہوچکی اب ضرورت نہیں ۔ملتان سے لاہورواپس آتے ہوئے پہلے میاں چنوں پہنچے ،وزیراعلیٰ نے شہر کی عمومی صورتحا ل اورٹریفک مینجمنٹ کا جائزہ لیا،وزیراعلیٰ نے میاں چنوں میں شہر میں صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیا،بعدازاں وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارساہیوال پہنچے ،وزیراعلیٰ نے شہر میں صفائی اوردیگر امور کا جائزہ لیا،وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ساہیوال شہر میں پی ایچ اے کی سرگرمیوں کا بھی جائز ہ لیااور سرکٹ ہاؤس ساہیوال میں ہنگامی اجلاس کی بھی صدارت کی۔او کاڑہ ٹول پلازہ پہنچنے پر شاندار استقبال کیاگیا، تحریک انصاف کے درجنوں کارکن وزیراعلیٰ کی گاڑی کے اردگرد جمع ہوگئے اورانہوں نے نعرے لگائے ،وزیراعلیٰ عثمان بزدار کارکنوں کا جوش و خروش دیکھ کر گاڑی سے اتر آئے ، وزیراعلیٰ نے کارکنوں سے ہاتھ ملایا اوران کا شکریہ ادا کیا،کارکنوں نے تحریک انصاف کے پرچم اٹھارکھے تھے ۔وزیراعلیٰ نے اوکاڑہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کابینہ کی کا رکردگی کا بغور جائزہ لیا جاتا ہے ،تمام وزارتوں کی کارکردگی کی رپورٹ دیکھی جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت محسوس ہوئی تووزارتوں میں ردوبدل کیاجاسکتا ہے ،کابینہ میں ردوبدل وزیراعلیٰ کا استحقاق ہے ۔