دانش احمد انصاری

 

موجودہ دور میں، جب ہم اپنی ہاتھیوں کی انگلیوں سے زیادہ سوشل نیٹ ورکنگ پلیٹ فارمز کے اکاؤنٹس رکھتے ہیں، تو ایسی کمپنیوں کے لئے یہ ضروری ہے کہ وہ اپنی مصنوعات اور سروسز کو بہتر سے بہتر بنانے کے لیے کام کرتے رہیں اور اپنے صارفین کے مطالبات کو سنتے رہیں۔ اِس حوالے سے ٹویٹر کی کاوشوں کو سراہا جانا چاہیے جس نے اپنے صارفین کی رائے کا احترام کرتے ہوئے متعدد مرتبہ اپنی ایپلی کیشن اور ویب سائٹ میں نئے فیچر متعارف کروائے۔ اِس حوالے سے ٹویٹر کی جانب سے آنے والی خبر کی مثال دی جا سکتی ہے۔ سوشل پلیٹ فارم کے ترجمان نے بتایا ہے کہ کمپنی ایک ایسے تازہ ترین فیچر پر کام کر رہی ہے جس کا استعمال کر کے صارفین ٹویٹر ویب یا ایپلی کیشن کے ذریعے ہی ٹویٹس کی شیڈولنگ کر سکیں گے۔ یہ فیچر کاروباری افراد کے لیے اپنی کمپنی کی پرموشن کرنے کا انتہائی موثر طریقہ ثابت ہو سکتا ہے۔ اس فیچر کی درخواست سینکڑوں صارفین نے گزشتہ چند برسوں میں کی تھی۔ کمپنی کے مطابق فیچر کو تجرباتی مراحل سے گزارا جا رہا ہے اگر تمام ٹیسٹ کامیاب ہو جاتے ہیں تو جلد ہی اِسے لانچ کر دیا جائے گا۔ 

تاہم نئے فیچر کے لانچ ہونے سے قبل تک ٹویٹس کی شیڈولنگ صرف ٹویٹر کے ’ٹویٹ ڈیک کلائنٹ‘ یا تیسرے فریق کلائنٹ کے ذریعہ ہی ممکن ہے۔ اگرچہ متعدد صارفین کی طرف سے اس فیچر کو لانچ کرنے کی درخواست کی گئی، لیکن اس کا بنیادی استعمال تو صرف ایسے برانڈز اور کمپنیاں ہی کر سکیں گی جو وقفے وقفے سے یا مقررہ تاریخ پر اپنی پروموشنل ٹویٹ بھیجنا چاہتے ہیں۔ ٹویٹر نے اپنے نئے فیچر کے لانچ ہونے کی تاریخ یا ٹائم لائن کے بارے میں نہیں بتایا ہے۔