مکرمی !اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے آرمی ایکٹ میں ترمیم کے بل کی غیر مشروط حمایت کے بعد آرمی ایکٹ ترمیمی بل 2020 ء قومی اسمبلی میں پیش کر دیا گیا۔ قواعد و ضوابط کے تینوں بل متعلقہ قائمہ کمیٹی کو بھیج دیئے گئے۔بھارت میں بھی نئے آرمی چیف کی تقرری ہو چکی اور نئے بھارتی آرمی چیف نے عہدہ سنبھالنے کے فوری بعد پاکستان کو دھمکی دی جس پر پاکستان نے آزاد جموں وکشمیر میں ایل او سی پر ’’پیشگی حملے‘‘سے متعلق بھارتی آرمی چیف لیفٹننٹ جنرل منوج مکنڈکے غیر ذمہ دارانہ بیان کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ بھارت کو بالا کوٹ میں مہم جوئی پر پاکستان کی منہ توڑ جوابی کارروائی کو نہیں بھولنا چاہیئے۔امید ہے دیگر معاملات پر بھی پارلیمنٹ سے یکجہتی کی آواز اٹھے گی۔ موجودہ صورتحال میں سیاسی درجہ حرارت کم کرنا ہو گا، ووٹ کو عزت عمل سے دینی ہے الفاظ سے نہیں، سیاسی جماعتوں کو قومی مفاد کی خاطر یکجہتی کا مظاہرہ کرنا چاہیئے،آرمی ایکٹ میں توسیع کے حوالہ سے پوری پارلیمنٹ وزیر اعظم عمران خان کی پشت پر کھڑی ہے، ایک بہتر سیاسی ماحول بن رہا ہے، توقع ہے الیکشن کمیشن، نیب قوانین کی تبدیلی کے حوالے سے اپوزیشن کی سفارشات کو بھی شامل کیا جائے گا۔ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے بعد چیف الیکشن کمشنر کے معاملے کو بھی باہمی اتفاق رائے سے حل کیا جائے گا جسے ملک میں یکجہتی کی فضا بنے گی۔ (مہر اقبال انجم)