بلبلِ پنجاب بشریٰ رحمن کو رخصت ہوئے ایک برس بیت گیا‘ آپ 7 فروری 2022ء کو 77برس کی عمر میں کورونا کے باعث انتقال فرما گئیں تھیں۔خواتین ناول نگاروں میں بشریٰ رحمن کا الگ مقام و مرتبہ تھا اور اس کی وجہ ان کے ناولز اور افسانے ہیں جو دیگر سینکڑوں’’ ڈائجسٹ مارکہ‘‘ خواتین ناول نگاروں سے انھیں جدا اور بلند کرتے ہیں۔ہمارے ہاں خواتین قلم کاروں کی ایک کثیر تعداد موجود ہے اور افسوس کا مقام یہ ہے کہ کوئی بھی خاتون ناول نگار(بالخصوص ڈائجسٹ رائٹرز) بشریٰ رحمن کے قد اور مرتبے تک نہیں پہنچ سکی، کیوں کہ ہماری خواتین ناول نگاروں نے یا تو مذہب کا ’’چورن‘‘بیچا یا پھر ان کو دنیا کا سب سے بڑا مسئلہ ہجر اور وصال لگا۔یہ وہی طبقہ ہے جس نے ڈرامے اور ناول کی صنف کو بھی گڈ مڈ کر دیا‘یہ ناول لکھتی ہوئے ہمیشہ’ ایک تیر سے دو شکار‘ کرنے کی خواہش مند ہوتی ہیں،یعنی ناول بھی چھپ جائے اور بعد میں اس پرڈرامہ بھی بن جائے،اس چکر میں تحریر اچھا ڈرامہ بن پاتی ہے اور نہ ہی کوئی شہرہ آفاق ناول۔اس ساری صورت حال کے باوجود ہمارے ہاں ’’ڈائجسٹ مارکہ‘‘ خواتین کی تعداد گنتی سے باہر ہے اور یہ بھی حقیقت ہے کہ چند ایک کے علاوہ مذکورہ خواتین میں کوئی بھی ادبی منظر نامے پر اپنی نمایاںجگہ نہ بنا سکی۔ میں اگر ان خواتین کے ناولوں اور افسانوں کی فہرست کی جانب جائوں گا تو اصل موضوع بہت پیچھے رہ جائے گا ۔اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ بشریٰ رحمن نے ادبی و سیاسی منظر نامے پر اپنے دیر پا نقوش چھوڑے ہیں‘ناول پیاسی ہو یا چارہ گر‘پارسا ہو یا شرمیلی اور اللہ میاں جی تمام ناولوں کی اور افسانوں کا اپنی تہذیب اور ثقافت سے گہرا تعلق ہے۔ریاست بہاولپور سے تعلق ہونے کے ناتے وہاں کے ثقافتی اثرات ان کی تحریروں میں جابجا نظر آتے ہیں۔ بشریٰ رحمن اخیر عمر تک ادبی تقاریب میں شامل ہوتی رہیں‘میری ان سے زیادہ ملاقاتیں بھی تقاریب میں ہوتی تھیں۔خوشی اس بات کی ہے کہ وہ مجھے نام سے پہنچاننے لگ گئیں تھی‘کہیں ملاقات ہوتی ہے تو یہی جملہ دہراتی :’’نوجوان کیسا جا رہا ہے سب؟‘‘۔’’کالم نگری‘‘ کی اشاعت کے دنوں میں میرا ان سے آخری دفعہ رابطہ ہوا‘ان دنوں وہ کورونا سے صحت یاب ہو رہی تھیں‘میں نے ملنے کی گزارش کی اور ’’کالم نگری‘‘کے لیے فلیپ کی فرمائش کی تو ان کا واٹس اپ پر صوتی پیغام آیا: ’’کورونا کے بعد میں نے لوگوں سے ملنا جلنا مکمل طور پر بند کر دیا ہے‘صحت اس چیز کی اجازت نہیں دے رہی کہ کچھ نیا لکھوں یا پڑھ سکوں لہٰذا میری معذرت قبول کر لیں اور میری دعائیں آپ کے ساتھ ہیں‘‘۔ اس دن کے صوتی پیغام سے یہ صاف محسوس ہو رہا تھا کہ انھیں بولنے میں دقت ہو رہی ہے‘آواز کانپ رہی تھی اور وہ مسلسل تکلیف سے گزر رہی تھیں۔محمد عمر ندیم سے ان کی شناسائی بہت پرانی تھی‘ان کی وفات سے چھ ماہ قبل محمد عمر ندیم لاہور آئے تو بشریٰ رحمن سے ملاقات کا پلان بنا‘میں نے انھیں کال کی تو معلوم ہوا کہ وہ ایک ہفتے کے لیے لاہور سے باہر ہیں‘لہٰذا ملاقات نہ ہو سکی۔ان سے ملاقات کوئی ایک سال سے ملتوی ہو رہی تھی‘جب جب کال کی‘بشریٰ رحمن صاحبہ کی کسی نہ کسی مصروفیت کی وجہ سے ملاقات ملتوی ہوتی رہی اور یوں وہ داعی اجل کی آواز پر لبیک کہ گئیں۔ میری ان سے آخری ملاقات ان کی وفات سے ایک سال قبل ہوئی تھی‘لاہور کے ایک نجی ہوٹل میں ایک دو روزہ بین الاقوامی میڈیا کانفرنس تھی جس میں دنیا کے پچیس سے زائد ممالک کے مندوبین شریک تھے۔راقم کو بھی اپنے اخبار کی نمائندگی کے لیے حاضر ہونا تھا‘ہوٹل کے مین دروازے سے بشریٰ رحمن کو آتے دیکھا تو ہال تک ان کے ساتھ چلنے لگا،اس پانچ منٹ کی ملاقات میں ڈھیروں باتیں ہوئیں‘بس یہی آخری ملاقات تھی ۔ان سے مل کر ایک چیز کا شدت سے احساس ہوا کہ وہ نئے لکھنے والوں کے لیے سائبان کا درجہ رکھتی ہیں‘جب بھی ملا،انھوں نے دعائوں سے نوازا‘چھوٹا سمجھ کر تھپکی بھی دی اور ہمیشہ حوصلہ بڑھایا ۔ورنہ ہمارے ہاں زیادہ تر وہ وادیب جو زیادہ فروخت ہوتے ہیں‘وہ چھوٹوں سے شفقت کی بجائے ان سے ملاقات کو وقت کا ضیاع سمجھتے ہیں۔مگر بشریٰ رحمن بالکل الگ تھیں‘کام میں بھی اور رویے میں بھی۔ مجھے نہیں یاد کہ کسی دوست نے انھیں کبھی کسی ادبی تقریب میں بلایا ہو تو انھوں نے انکار کیا ہو۔ دو سال پہلے ہمارے ایک نوجوان دوست کی افسانوں کی کتاب چھپ رہی تھی‘اس نے مجھ سے گزارش کی کہ بشریٰ رحمن صاحبہ سے کچھ لکھوا دیں۔میں نے رابطہ کیا اور گارڈن ٹائون ان کے گھر پہنچ گئے۔آپ نے نہ صرف کتاب کا فلیپ لکھا بلکہ ہم دونوں کو درجنوں مشوروں سے نوازا۔اسی ملاقات میں مجھے کہنے لگیں:’’آپ اتنی محنت سے ہر ہفتے کالم لکھتے ہیں‘یہ سب ایک فائل میں لگاتے رہیں تاکہ مستقبل میں کتاب لائی جا سکے۔تحریر کیسی بھی ہو‘وہ تحریر ہی ہوتی ہے لہٰذا ان تحریروں کو اس لیے ضائع مت کر دینا کہ یہ اخباری کالم ہے‘یہ کالم آپ کو پہچان دیں گے‘‘۔میں نے عرض کی:’’میں پہلے سے ہی کتاب پر کام کر رہاہوں‘‘۔سن کر بہت خوش ہوئیں۔وفات سے کچھ روز قبل ان کی’’ سیرت النبیﷺ‘‘ پر کتاب آئی تو بہت خوش تھیں‘کہتی تھیں کہ اللہ نے مجھ سے بہت بڑا کام لیا ہے‘یہ میری بخشش کا ذریعہ بنے گا،کچھ روز قبل ان کے پبلشرعلامہ عبد الستار عاصم سے بات ہوئی تو معلوم ہوا کہ بشریٰ رحمن کی وہ کتاب ہاتھوں ہاتھ بک گئی تھی اور وہ کتاب کے دوسرے ایڈیشن کی تیاری میں بھی مصروف تھیں۔۲۰۰۷ء میں بشری رحمن کو ان کی ادبی خدمات کے اعتراف میں حکومتی ستارہ امتیاز بھی دیا گیا‘آپ نے شہرت کی انتہا دیکھی مگر ان کے رویے اور تحریروں سے ہمیشہ عاجزی جھلکتی رہی۔آج ان کی وفات کو ایک برس بیت گیا‘سوچنے بیٹھا تو کتنی یادیں اور باتیں ہیں جو لکھنا چاہتا ہوں مگر کالم کی طوالت کا خدشہ درپیش ہے۔آپ سب بشریٰ رحمان کے لیے دعا کردیں‘خدا ان کے اگلے درجات بلند فرمائے۔آمین۔