اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر،صباح نیوز، نیٹ نیوز) ملک میں شدید گرمی کے موسم میں بجلی کا شارٹ فال 7 ہزار 787 میگاواٹ ہوگیا جس کے باعث ملک کے مختلف علاقوں میں 14 گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے جس سے عوام پریشان ہیں۔ذرائع پاور ڈویژن کے مطابق بجلی کی مجموعی پیداوار 21ہزار213 میگاواٹ ہے جبکہ کل طلب 29 ہزار میگاواٹ ہے ۔پانی سے 5 ہزار 430 میگاواٹ اور سرکاری تھرمل پلانٹس سے 1ہزار 705 میگاواٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہے جبکہ نجی شعبے کے بجلی گھروں کی مجموعی پیداوار 10ہزار 241میگاواٹ ہے ۔ ہائی لاسز فیڈرز پر زیادہ لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے ۔علاوہ ازیں چھٹی کے روز بھی بجلی کی علانیہ اور غیر علانیہ لوڈشیڈنگ سے مختلف علاقوں میں شہریوں کو پانی کی فراہمی بھی متاثررہی۔