Common frontend top

بند پاور پلانٹس فوری بحال کرنے کا حکم؛ قوم پریشان نہ ہو، مشکل وقت سے نکل آئے : وزیراعظم

پیر 04 جولائی 2022ء





لاہور،اسلام آباد(سٹاف رپورٹر، خبر نگار خصوصی،92 نیوز رپورٹ،مانیٹرنگ ڈیسک، نیوزایجنسیاں) وزیراعظم شہباز شریف نے بند پاور پلانٹس کی فوری بحالی کا حکم دے دیا۔وزیر اعظم کی زیر صدارت لوڈ شیڈنگ پر قابو پانے سے متعلق اہم اجلاس ہوا،اجلاس ملک میں جاری بجلی کے بحران کو حل کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا،وزیر اعظم نے ہدایت کی بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے رپورٹ فوری پیش کی جائے ، رپورٹ میں لوڈشیڈنگ کی وجوہات واضح بتائی جائیں،صوبوں کو پینے کے پانی اور زرعی سہولیات کی فراہمی سے متعلق معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیاجائے ،ارسا صوبوں کیساتھ مشاورت اور آزادی کیساتھ فیصلہ کرے ۔اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک جبکہ وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل ،وزیر توانائی خرم دستگیر، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب،رکن قومی اسمبلی شاہد خاقان عباسی اورمعاون خصوصی فہد حسین نے ویڈیولنک کے ذریعے شرکت کی ۔اجلاس میں متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران بھی موجود تھے ۔وزیراعظم کی زیرصدارت امن وامان کی صورتحال پر اجلاس ہوا،اجلاس میں ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی نے بھی شرکت کی، وزیراعظم کو پنجاب میں امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی،وزیراعظم نے کہا پولیس کو جدید چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت بڑھانے کیلئے فنڈز فراہم کیے جائیں گے ،ناقص کارکردگی اور سست روی کو برداشت نہیں کیا جائے گا،وزیراعظم نے پولیس حکام کے ہدایت کی کہ پولیس کسی بھی دباؤ کو اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی انجام دہی کی راہ میں رکاوٹ نہ بننے دے ،عوام کے جان و مال کا تحفظ ہر ممکن یقینی بنایا جائے ۔وزیراعظم کی زیر صدارت عید الاضحیٰ پر صفائی کے انتظامات کے حوالے سے بھی ا جلاس ہوا،وزیراعظم کو پنجاب میں عید الاضحی ٰکے دوران صفائی کے انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی،وزیراعظم نے ہدایت کی عوام کی سہولت کیلئے مویشی خریداری کے مراکز قائم کیے جائیں،حفظان صحت کے اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے انتظامات کیے جائیں، بکرا منڈیوں تک عوام کی سہولت کیلئے شٹل سروس چلائی جائے ، عید کے دنوں میں صفائی کی مشینری کو شفٹوں میں24 گھنٹے فعال رکھیں، عوام کی دہلیز سے آلائشیں اٹھانے کو یقینی بنائیں۔ وزیراعظم نے نجی ٹی وی سے انٹرویو میں کہا ملک کو بحرانوں سے نکالنا اولین ترجیح ہے ، دیوالیہ پن کا خطرہ ٹل گیا، مشکل وقت میں ڈیپازٹ پر چین کے شکرگزار ہیں ، قوم پریشان نہ ہو، ہم مشکل وقت سے نکل آئے ہیں، دن رات محنت کر کے ملک کو قائداعظم کاپاکستان بنائیں گے ، گزشتہ حکومت نے معیشت کو برباد کر دیا،پی ٹی آئی حکومت نے آئی ایم ایف معاہدے کی دھجیاں اڑائیں، بجلی لوڈشیڈنگ کو خود مانیٹر کر رہا ہوں، گیس کے بر وقت سودے نہ ہونے کی وجہ سے لوڈشیڈنگ ہو رہی ، جب گیس سستی تھی تو پی ٹی آئی حکومت نے مجرمانہ غفلت سے کام لیا، نواز شریف دور کے منصوبے جو زیر تکمیل تھے ان میں تاخیر کی گئی، منصوبوں کی تاخیر سے زراعت، صنعت اور ایکسپورٹس کو نقصان پہنچا۔وزیراعظم نے سربراہ ق لیگ چودھری شجاعت حسین سے ملاقات کی،ملاقات میں سیاسی صورتحال اوردیگر امور پر تبادلہ خیال کیاگیا،ملاقات میں وفاقی وزیرچودھری سالک حسین ، صوبائی وزیر ملک احمد اورچودھری شافع حسین بھی موجود تھے ۔ وزیر اعظم نے سینئر تجزیہ کار سلمان غنی کے گھر جاکر انکے بھائی کے انتقال پر تعزیت کی اور مرحوم کے درجات کی بلندی، لواحقین کیلئے صبرجمیل کی دعا کی۔

 

 



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں










اہم خبریں