اسلام آباد(سپیشل رپورٹر ،مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے بیرونی سازش ثابت ہوگئی،کارکن حقیقی آزادی مارچ کی تیاریاں کریں،عوام کا سونامی اسلام آباد آئے گا،سپریم کورٹ مراسلے کی اوپن سماعت کرے ۔ بنی گالہ میں پریس کانفرنس میں عمران خان نے کہااللہ کا وعدہ ہے سچ سامنے آتا ہے ، قومی سلامتی کمیٹی میں کنفرم ہوگیا مراسلہ حقیقی تھا، مراسلے میں جو زبان استعمال کی گئی اس میں تکبر تھا، دھمکی دی گئی عمران خان کو نہ ہٹایا تو ملک کیلئے مشکلات ہوں گی، عمران خان کو ہٹائیں تو پھر پاکستان کو معاف کیا جائے گا، ڈونلڈ لو کی میٹنگ کے اگلے دن تحریک عدم اعتماد جمع کرائی گئی،یہ ملکی آزادی اور خود مختاری کیخلاف اتنی بڑی سازش ہوئی ہے ،انکی حکومت نے بھی کنفرم کر دیا مراسلہ آیا تھا،پی ٹی آئی حکومت ہٹانے کی سازش لندن میں تیار ہوئی، نوازشریف، شہباز شریف اور آصف زرداری بھی شریک تھے ،کچھ لوگ انجانے میں اس سازش کا حصہ بنے ، سپریم کورٹ اس معاملے کی اوپن سماعت کرے ، سپریم کورٹ نے اوپن سماعت نہ کی تو کوئی سربراہ آئندہ دھمکی کیخلاف کھڑا نہیں ہوگا، بینظیر کو دیا گیا این آر او بھی بیرونی مداخلت تھی،سفارتخانوں کا کیا کام تھاان لوگوں کا بلاتاجو تحریک انصاف سے خوش نہ تھے ،تمام معاملوں کی تحقیقات ہونی چاہیے ، جنوری سے یہ گیم شروع ہوئی، اگر ادارے کھڑے نہ ہوئے توہمارے بچوں کا بھی مستقبل خطرے میں ہے ، کہا جارہا ہے اسطرح کے مراسلے پہلے بھِی آتے تھے ، کوئی کہتا ہے پہلے بھی ایسی دھمکیاں دی جاتی تھیں توان لوگوں کوشرم آنی چاہیے ، پہلی دھمکی بھٹو کو دی گئی تھی،پھر مشرف کو اور اب مجھے دھمکی دی گئی، شہباز شریف نے کہا اگر مراسلہ ٹھیک نکلا تو عمران خان کیساتھ آجائوں گا، خدا کے واسطے میرے ساتھ نہ آئیں کم ازکم اپنے بیان کی معافی مانگیں،جب لوگوں نے اپنے ضمیر بیچے تو انہوں نے غداری کی، پنجاب اسمبلی میں جو ہوا اس سے زیادہ شرمناک کیا ہوگا؟ حیران ہوں سپریم کورٹ، الیکشن کمیشن نے خرید و فروخت کا نوٹس نہیں لیا، الیکشن کمیشن، سپریم کورٹ منحرفین کا کیس روزانہ کی بنیاد پر سنے ، چیف الیکشن کمشنر جانبدارہے ، اس پر اعتبار نہیں ، چیف الیکشن کمشنر امپائر نہیں بن سکتا، استعفیٰ دے ، جوڈیشل کمیشن کی سفارشات پر الیکٹرانک ووٹنگ مشین سامنے لائے ،31 ارب ڈالر اوورسیز پاکستانیز بھیج رہے ، انہیں سازش کے تحت ووٹ کے حق سے محروم رکھنے کی کوشش کی جا رہی ، ہماری حکومت میں سب سے زیادہ ایکسپورٹ ہوئی، سب سے زیادہ ٹیکس اکٹھا کیا گیا، ہماری فصلیں بہت اچھی تھیں، تب ہمارے خلاف سازش کی گئی ، شہبازشریف کیخلاف 40 ارب کرپشن کا کیس ہے ، کابینہ کے 70 فیصد لوگوں کا نام ای سی ایل میں شامل ہے ، میرا نام بھی ای سی ایل میں ڈالدیں میں تو ویسے بھی باہر نہیں جانا چاہتا، ضمانت پر رہا شخص فیتے کاٹتا پھر رہا ،اگر ان لوگوں کے ہاتھ میں ملک دیا جائے گا تو اس سے بڑی سازش کیا ہوگی؟ 27 ویں کی رات کوشب دعا منائیں گے ۔قبل ازیں تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کا اجلاس عمران خان کی زیرصدارت ہوا جس میں قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس سے متعلق معاملات کا جائزہ لیا گیا۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں چیف الیکشن کمشنر کے مبینہ جانبدارانہ رویے پر بھی گفتگوکی گئی۔