اسلام آباد، لاہور، پشاور، کراچی، کوئٹہ(سپیشل رپورٹر،وقائع نگار،سٹاف رپورٹر،92 نیوز، صباح نیوز،آن لائن)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات پر ملکی اور غیرملکی شخصیات کو یوم پاکستان کے موقع پر سول اعزازات سے نوازا۔ بدھ کو یہاں ایوان صدر میں ایک خصوصی پر وقار تقریب میں 9 کیٹیگریز میں 45 افراد کو نشان امتیاز، ہلال امتیاز، ستارہ پاکستان، ستارہ شجاعت، ستارہ امتیاز، صدارتی اعزاز برائے حسن کارکردگی، ستارہ قائداعظم، تمغہ شجاعت اور تمغہ امتیاز سے نوازا گیا۔ نشان امتیاز حاصل کرنے والوں میں محمد نعیم، نذر محمد راشد(ن م راشد مرحوم) اور مجید امجد (عبدالمجید مرحوم) شامل ہیں۔ ہلال امتیازحاصل کرنے والوں میں ڈاکٹر انعام الرحمان، ڈاکٹر قمر محبوب، طاہر اکرام، روحیل حیات اور کشور ناہید شامل ہیں۔ تقریب میں ملائیشیاسے تعلق رکھنے والے محمد عازمی عبدالحامد اور اومان سے تعلق رکھنے والے شیخ احمد بن حماد الخلیلی کو ستارہ پاکستان کے اعزاز سے نوازا گیا ۔ ستارہ شجاعت کا اعزاز حاصل کرنے والوں میں محمد بخش برڈو، ریشماں برڈو اور بریگیڈیئر شفیع اﷲ خان شامل ہیں۔ ڈاکٹر سید حسین امام عابدی، راشد رانا، سید عقیل بلگرامی، محمود الحق علوی (مرحوم) اور سلمان اقبال کو ستارہ امتیاز سے نوازا گیا۔ صدارتی اعزاز برائے حسن کارکردگی حاصل کرنے والوں میں سید تجمل حسین، پروفیسر ڈاکٹر یاسر ایاز، شکیلہ ناز اور عرفان اﷲ جان شامل ہیں۔ چودھری خالد محمود (ناروے ) کو ستارہ قائداعظم کے اعزاز سے نوازا گیا ۔ تمغہ شجاعت حاصل کرنے والوں میں محمد اکبر خان، آنجہانی اقبال مسیح، عبدالغفار شیخ شہید، ضیا حسین شہید،تبسم شبیر اعوان، عرفان احمد خان درانی، اسد اﷲ قریشی، محمد علی، احمد علی، صادق حسین، نور الدین، ملک دارا خان شہید، محمد رحیم شاہ، محمد سعید شاہ، محمد ولید صابر خان، وقار احمد، عبدالقہار خان، جمیل احمد کلہوڑو اور عدنان ملک شامل ہیں۔ تمغہ امتیاز حاصل کرنے والوں میں پروفیسر ڈاکٹر محمد عابد، مومنہ درید قریشی اور اسد محمود شامل ہیں۔ تقریب میں بیگم ثمینہ عارف علوی، وفاقی وزرا، وزرامملکت، وزیراعظم کے مشیروں اور معاونین خصوصی اور دیگر افراد نے شرکت کی۔ مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات پر سول اعزازات دینے کے حوالے سے تقریبات صوبائی دارالحکومتوں میں بھی ہوئیں، جن میں متعلقہ صوبوں کے گورنرز نے صدر مملکت کی جانب سے اعزازات دیئے ۔ لاہور میں گور نر پنجاب چودھری محمدسرور نے صدر مملکت کی جانب سے 12شخصیات کو ایوارڈز سے نوازا۔ ڈاکٹر عرفان اﷲ خان،ڈاکٹر آفتاب محمد رفیق اور پروفیسرڈاکٹر محمد جنید مغل کو سائنس کے شعبے میں ،پروفیسر ڈاکٹرروبینہ فاروق کو شعبہ تعلیم،محمد انیس ناگی مر حوم کو ادب کے شعبے میں بعدازمرگ ،فلم سٹار صائمہ نور کو شعبہ اداکاری ،منصور حسن صدیقی کو خدمات عامہ میں تمغہ امتیاز، رفعت عباس المعروف غلام عباس کو ادب ،پاکستان کے نامور اداکار فلم سٹارشاہد کو فن اداکاری،نامور نعت خواں نور محمد جرال کو نعت خوانی،شعبہ اداکاری میں نمایاں کارکردگی پر شہر یار زیدی کو صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی سے نوازا جبکہ ماضی کی نامور اداکارہ نیلو کو شعبہ فن اداکاری میں بعدازمرگ صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی سے بھی نوازا گیا۔ ادھرگورنرخیبرپختونخوا شاہ فرمان نے صوبے کی 8شخصیات کو اعزازت سے نوازا۔ سید ممتاز علی شاہ کو شعبہ فن و ڈرامہ اور اداکاری ، شوکت محمود کو موسیقی و گلوکاری اور قمرو جان کو فن اور لوک گلوکاری ،طاہر آفریدی(مرحوم) کو ادب ،شہزادہ سکندر الملک،پروفیسر ڈاکٹرعثمان حسن ،لعل محمد اعوان اوراعجاز سرحدی کو صدارتی ایوارڈ تمغہ امتیاز سے نوازا۔ کراچی میں مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات سر انجام دینے والے 18 افراد میں سول ایوارڈز تقسیم کرنے کی پروقار تقریب سندھ گورنر ہائوس میں ہوئی۔گورنر سندھ عمران اسماعیل نے شاہد عبداﷲ کو ستارہ امتیاز،مرحومہ دردانہ بٹ ، اسماعیل تارا، منظور علی مرزا، سید ساجد حسن، شکور، امداد علی وگھیو، مدد علی سندھی، ایاز گل (ایاز علی دال)، پروین سعید اور سونی فیصل کو صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی جبکہ پروفیسر ڈاکٹر سید غلام مشرف، ڈاکٹر فیض اﷲ عباسی، روبینہ قریشی، زاہدہ سعید، پروفیسر شہلا باقی، محمد حنیف طیب اور ڈاکٹر محمد ہارون میمن کو نمایاں کارکردگی پر تمغہ امتیاز کے اعزازات دئیے ۔ گورنر ہاوس کوئٹہ میں ایوارڈز کی تقسیم کی تقریب میں گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی پر5 شخصیات روشن خورشید بروچہ، ڈاکٹر فضل خالق، نرگس حمیداﷲ ہزارہ، عظمت حسن بلوچ اور سجاد احمد کو صدارتی ایوارڈز سے نوازا جبکہ صوبائی ایکسیلینس ایوارڈز پانے والوں میں شفیق العالم معذور یار، عبدالرازق، نثار احمد، صابر علی، ڈاکٹر برکت شاہ کاکڑ، صاحبزادہ حمید اﷲ (مرحوم)، ایثار حسین ذوق، حسین بخش ساجد، محمد اکبر نسیم، عطا الرحمن خلجی، ڈاکٹر ساجدہ نورین اور پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود خٹک کے نام شامل ہیں۔