Common frontend top

ناجائز منافع خوری کیخلاف سخت ایکشن یقینی بنایا جائے : وزیراعظم

بدھ 14 اکتوبر 2020ء





اسلام آباد( سپیشل رپورٹر) وزیرِ اعظم عمران خان کے زیر صدارت بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں خصوصاً گندم اور چینی کی دستیابی اور قیمتوں کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، وزیر اعظم نے ان اشیا کی قیمتوں میں کمی اور ان کی مارکیٹ میں دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔اجلاس کے پہلے حصے میں ملک میں گندم کی دستیابی، مختلف صوبوں میں گندم اور آٹے کی قیمتوں اور مستقبل کی ضروریات کو پورا کرنے کے حوالے سے سرکاری سطح اور نجی شعبے کی جانب سے درآمد کی جانے والی گندم اور ملک میں پہنچ کا شیڈول پیش کیا گیا۔ سرکاری سطح پر ٹینڈر اور گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ درآمد کا تفصیلی شیڈول بھی پیش کیا گیا۔ اجلاس کو ٹائیگرز فورس اور آزاد ذرائع سے ملک کے مختلف حصوں میں گندم اور آٹے کی قیمتوں کے حوالے سے رپورٹ پیش کی گئی۔ گندم کی قیمتوں کو مناسب سطح پر یقینی بنانے اور ذخیرہ اندوزی کی روک تھام کے حوالے سے اٹھائے جانے والے انتظامی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ، ان اقدامات میں بنیادی اشیائے ضروریہ کی طلب و رسد کے بارے میں قابل اعتبار تخمینے لگانے کے حوالے سے مفصل نظام، ہول سیلرز اور پرچون کی سطح پر قیمتوں میں پائے جانے والے فرق کو کم کرنے کے حوالے سے اقدامات، مارکیٹ میں استحصال کے خاتمے اور ذخیرہ اندوزی، سمگلنگ اور قیاس آرائیوں کے ختم کرنے کے ساتھ ساتھ مانیٹرنگ کے نظام کو مزید موثر بنانے کے حوالے سے نئے انتظامی اقدامات پر بریفنگ دی گئی ۔اجلاس کو بتایا گیا کہ حکومت سندھ کی جانب سے سولہ اکتوبر کے درمیان ریلیز شروع کر دی جائے گی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر ریلیز کی جانے والی گندم میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔ اجلاس کے دوسرے حصے میں چینی کی دستیابی اور درآمد کی جانے والی چینی اور اسکی قیمتوں کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی ۔اجلاس کو بتایا گیا کہ درآمد شدہ چینی موجودہ قیمت کے مقابلے میں کم نرخوں پر عوام کو میسر آئے گی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب میں 10نومبر سے کرشنگ سیزن کا آغاز کر دیا جائے گا۔ موجود سٹاک، درآمد کی جانے والی چینی اور کرشنگ سیزن کے جلدی شروع ہونے سے نہ صرف چینی کی وافر فراہمی میسر آئے گی بلکہ اس کے قیمتوں میں کمی آئے گی۔ وزیرِ اعظم عمران خان نے اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی لانے کے لئے ہر ممکنہ انتظامی اقدام اٹھایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف سخت ایکشن یقینی بنایا جائے ۔ وزیرِ اعظم نے قیمتوں کو قابو میں رکھنے کے لئے تجویز کردہ انتظامی اقدامات کی منظوری دی۔ اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) وفاقی کابینہ نے زور دیا ہے کہ سردیوں میں گیس کی ضروریات پوری کرنے کے حوالے سے ضروری اقدامات کو یقینی بنایا جا ئے ۔کابینہ نے سابقہ صدور اور وزرائے اعظم پر اٹھنے والے اخراجات اور مراعات کا جائزہ لینے کی ہدایت دیتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ متعلقہ قوانین میں ترمیم کے نتیجے میں صدر اور وزیرِ اعظم کو صرف ایک کیمپ آفس رکھنے کی اجازت ہوگی، وفاقی کابینہ نے نئے گیس ٹرمینلز کے قیام اور گیس کی ترسیل کے لئے نئی پائپ لائن بچھانے کے لئے رائٹ آف وے کا مسئلہ حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا،کابینہ نے این آئی ٹی بی کو مزید مستحکم کرنے کے حوالے سے تجاویز اقتصادی رابطہ کمیٹی کو بھجوانے کی ہدایت کی۔ منگل کو وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کابینہ نے موٹروے سانحے کے مرکزی ملزم کی گرفتاری پر حکومت پنجاب اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی کو سراہا۔ کابینہ نے اس امر پر زور دیا کہ ریپ جیسے ہولناک جرائم کی موثر روک تھام کے حوالے سے قانون سازی کو مزید موثر بنایا جائے ۔ نئے گیس ٹرمینلز کے قیام اور گیس کی ترسیل کے لئے نئی پائپ لائن بچھانے کے لئے رائٹ آف وے کا مسئلہ حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔کابینہ نے پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز کارپوریشن لمیٹڈ کے بورڈ ممبران کی تعیناتی کی منظوری دی۔ کابینہ کو روزویلٹ ہوٹل کے مالی معاملات پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ روز ویلٹ ہوٹل مسلسل مالی خسارے میں جا رہا تھا۔ اگر حکومت کی جانب سے بروقت فیصلے نہ لیے جاتے تو پاکستان اپنے اثاثے سے محروم ہو جاتا۔کابینہ کو بتایا گیا کہ موجودہ حکومت کی جانب سے سو ملین ڈالر سے زائد کی ادائیگی کی گئی۔ کابینہ نے ایکسپورٹ امپورٹ بنک آف پاکستان ایکٹ 2020 کی اصولی منظوری دے دی۔ کابینہ نے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے ) کے بجٹ تخمینوں برائے مالی سال 2019-20اور2020-21کی منظوری دی۔ کابینہ نے نائیجر میں بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریوں کے پیش نظر حکومت پاکستان کی جانب سے امدادی سامان بھجوانے کی تجویز کی منظوری دی۔ صدر اور وزیرِ اعظم کے کیمپ آفسز کے حوالے سے کابینہ کے فیصلے کے حوالے سے بتایا گیا کہ کابینہ کی جانب سے فیصلہ کیا گیا تھا کہ متعلقہ قوانین میں ترمیم کے نتیجے میں صدر اور وزیرِ اعظم کو صرف ایک کیمپ آفس رکھنے کی اجازت ہوگی۔ اس حوالے سے وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ کیمپ آفس پر اٹھنے والے اخراجات کی بھی حد مقرر کی جائے تاکہ عوام کے پیسے کی ایک ایک پائی کا صحیح استعمال یقینی بنایا جا سکے اور سرکاری خزانے سے صرف اتنے ہی اخراجات ہوں جتنا کارِ سرکار چلانے کے حوالے سے ضرورت ہے ۔ کابینہ نے ہدایت کی کہ سابقہ صدور اور وزرائے اعظم پر اٹھنے والے اخراجات اور مراعات کا جائزہ لیا جائے ۔ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ آنے والے دنوں میں مہنگائی کا مسئلہ حل ہوجائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا حکومت کا روز ویلٹ ہوٹل بیچنے کا کوئی پروگرام نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے جلسے جلوسوں سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

 

 



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں










اہم خبریں