نیویارک(ندیم منظور سلہری؍ نیوز ایجنسیاں؍ مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم عمران خان سعودی عرب کا سرکاری دورہ مکمل کرکے امریکہ پہنچ گئے جہاں وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کریں گے ،وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، مشیر خزانہ حفیظ شیخ، زلفی بخاری بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔وزیراعظم اور ان کا وفد روز ویلٹ ہوٹل میں قیام کرے گا۔دفتر خارجہ کے مطابق نیویارک میں 21 سے 27 ستمبر کے دوران اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاسوں میں وزیراعظم عمران خان پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے ۔اعلامیے کے مطابق عمران خان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں 27 ستمبر کو اپنے خطاب میں مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت پر پاکستانی موقف کے علاوہ مسئلہ کشمیر اور وہاں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے متعلق آگاہ کریں گے ۔دفتر خارجہ کے اعلامیے کے مطابق وزیراعظم عمران خان عصر حاضر کے دیگر اہم امور پر عالمی دنیا کو اپنا موقف پیش کریں گے ۔دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم دیگر ممالک کے وزرائے اعظم سے دوطرفہ ملاقات میں موسمیاتی تبدیلی، پائیدار ترقی اور یونیورسل ہیلتھ کوریج پر بھی بات کریں گے ۔اعلامیہ میں کہا گیا کہ وزیراعظم عمران خان پاکستان اور ترکی کے مشترکہ پروگرام میں نفرت انگیز تقاریر کے سدباب پر بھی گفتگو کریں گے ۔مزید برآں کہ عمران خان ملائیشیا اور پاکستان کے اشتراک سے ہونے والے اجلاس میں مالیاتی تحفظ اورغربت مٹاؤ پروگرامز سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کریں گے ۔اعلامیے میں کہا گیا کہ جنرل اسمبلی کی سائیڈ لائن میں پاکستان، ملائیشیا اور ترکی کے مابین سہ فریقی اجلاس ہوگا۔دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم اپنے دورے میں تھنک ٹینک اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کے سربراہوں سے بھی ملاقات کریں گے ۔ ذرائع نے کہا کہ عمران، ٹرمپ ملاقات غیر معمولی نوعیت کی ہو گی، وہ امریکی صدر کو بتائیں گے کہ کشمیر کا مسئلہ حل کرنا ناگزیر ہے ، عمران خان صدر ٹرمپ کو دو ٹوک الفاظ میں کہیں گے کہ اگر امریکہ، اقوام متحدہ سمیت بڑی طاقتوں نے اس اہم ایشو پر سنجیدگی کا مظاہرہ نہ کیا تو آئندہ چھ سات ماہ میں کچھ بھی ہو سکتا ہے ۔ذرائع نے بتایا وزیراعظم کے پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کا بھی امکان ہے ۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے واشنگٹن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کادورہ اچھارہا، تیل تنصیبات پرحملے کے بعد سعودی عرب کے تاثرات سمجھے ،وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیرسے متعلق موقف سامنے رکھا،عمران خان نے سعودی حکومت کومودی کی سوچ سے آگاہ کیا۔انہوں نے بتایا سعودی حکومت نے وزیراعظم عمران خان کو خصوصی طیارہ فراہم کیا،سعودی حکومت نے کہاآپ ہمارے مہمان ہیں، خصوصی طیارے میں امریکہ جائیں،طیارہ فراہم کرنے سے تعلقات کی گرمجوشی کااندازہ لگایاجاسکتاہے ،سعودی عرب کیساتھ تعلقات جیسے آج ہیں ،کچھ عرصہ پہلے ایسے نہ تھے ۔وزیر خارجہ نے بتایا کہ وزیر اعظم امریکہ میں فنانشل ورلڈ کے اہم لوگوں سے بھی ملاقات کریں گے اور منی لانڈرنگ کے حوالے سے اپنا نکتہ نظر بتائیں گے کہ کس طرح بڑے ممالک کو منی لانڈرنگ کے ذریعے پیسے کی ترسیل ہوتی ہے اور تیسری دنیا کے ممالک غربت کا شکار ہوتے ہیں۔شاہ محمودقریشی نے کہا موجودہ ماحول میں یقینی طورپر بھارتی ہم منصب سے نہیں ملناچاہوں گا،پاک بھارت جنگ نہ ہونے کادعویٰ نہیں کرسکتا،مودی سرکار اپنی سیاست کیلئے کچھ بھی کرسکتی ہے ،مودی نے الیکشن جیتنے کیلئے پلوامہ کا ڈرامہ رچایا،مودی کی حماقت سے مسئلہ کشمیرپہلی بارعالمی سطح پراجاگرہوا،مقبوضہ کشمیرمیں کرفیوکو48دن ہوگئے ،معمولات زندگی مفلوج ہے ،کیادنیامقبوضہ کشمیرکی صورتحال پراب بھی خاموش رہے گی؟