لاہور، اسلام آباد ،کراچی،کوئٹہ، پشاور (نمائندہ خصوصی سے ، جنرل رپورٹر ، خبر نگار خصوصی ،سٹاف رپورٹر، نیوز رپورٹر ، مانیٹرنگ ڈیسک،نیوزایجنسیاں )ملک میں کرونا وائرس سے مزید 2 افرا ہلاک ہوگئے جبکہ متاثرین کی تعداد764 ہو گئی، سندھ میں15 روز کیلئے لاک ڈاؤن کردیاگیا جبکہ پنجاب اور بلوچستان نے فوج طلب کر لی۔ کوئٹہ میں کروناوائرس کاپہلامریض دم توڑگیا ۔ ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی کے مطابق 65 سالہ مریض کوئٹہ کارہائشی تھا۔خیبرپختونخوا کے مشیراطلاعات اجمل وزیر نے صوبے میں کرونا وائرس میں مبتلا ایک اور مریض کی ہلاکت کی تصدیق کر دی جس کے بعد صوبے میں اموات کی تعداد 3 جبکہ ملک میں مجموعی اموات 5 ہوگئیں۔ابتک ملک بھر میں764مریض سامنے آ چکے جبکہ 5 افراد صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔پنجاب کے پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر ڈیپارٹمنٹ اور کرونا مانیٹرنگ روم کے ترجمان کے مطابق پنجاب میں کرونا وائرس کے 222 مصدقہ کیس سامنے آچکے ۔ بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب نے ٹوئٹر پر مزید 3 کیسز کی تصدیق کرتے ہوئے کہا پنجاب میں کرونا کے مجموعی کیسزکی تعداد 225 ہوگئی ہے ۔اعداد وشمار کے مطابق 175 زائرین ڈی جی خان میں ، لاہور34، گجرات، گوجرانوالہ4،4،جہلم 3، راولپنڈی، ملتان2،2جبکہ سرگودھا میں ایک مریض ہے ۔سندھ میں41 نئے کیس سامنے آئے جن میں 18 کراچی سے جبکہ 23 سکھرسے رپورٹ ہوئے ۔صوبے میں متاثرہ افرادکی تعداد333ہوگئی ۔ بلوچستان میں4نئے مریض آنے کے بعد تعداد 108، خیبرپختونخوا میں 31، اسلام آباد میں 11، گلگت بلتستان میں 55 اور آزاد کشمیر میں ایک شخص متاثر ہوا ہے ۔قبل ازیں معاون خصوصی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے وزیراعظم کے قومی سلامتی کے مشیر معید یوسف کیاتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاملک میں کروناکے مشتبہ کیس5650ہیں۔گلگت بلتستان میں کروناسے ڈاکٹرکی ہلاکت کی خبردرست نہیں،وہ بیمارہیں۔پاکستان میں کرونامریضوں کودیکھنے کیلئے ڈاکٹروں کی ٹریننگ ہوگی۔ملک بھرمیں کلوروکوئین دواکے تمام سٹاک کاعلم ہے ۔کلورو کوئین دوامیں استعمال ہونے والے خام مال کی برآمدپرپابندی لگا دی ہے ۔تمام لوگوں کواحتیاطی تدابیرپرعمل کرناہوگا۔ کلوروکوئین کے استعمال کے حوالے سے حتمی رائے بنانے کیلئے ماہرین کی ٹیم کی تشکیل دیدی ۔وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی معید یوسف نے کہا بین الاقوامی پروازوں پر پابندی 4اپریل تک جاری رہے گی۔ پابندی کے اعلان کے بعد پاکستان کے بعض مسافر متحدہ عرب امارات، قطر، تھائی لینڈ اور ترکی میں ہیں۔ یہ وہ مسافر تھے جو ٹرانزٹ میں تھے ۔ پاکستانی سفارتخانے ایسے مسافروں کیساتھ رابطے میں ہے اور انہیں تمام سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔ بیرون ممالک سے پاکستان آنے والے مسافروں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ فی الوقت اپنے سفر کا آغاز نہ کریں۔وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی سمیت سندھ بھرمیں لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا۔وزیراعلیٰ سندھ نے 15 روز کیلئے لاک ڈاؤن کا اعلان کرتے ہوئے کہا تمام دفاتر اور اجتماع گاہیں بند ہوں گی، لوگوں کو بلاضرورت گھرسے نکلنے کی اجازت نہیں ہوگی، قانون نافذ کرنے والے ادارے ضرورت کے تحت باہر نکلنے والوں کو اجازت دیں گے ، ایک گاڑی میں ایک ڈرائیور کیساتھ صرف ایک شخص سفر کر سکے گا۔اگر کوئی شخص کسی کام سے نکلے گا تو وہ اپنے پاس قومی شناختی کارڈ رکھے ، کوئی شخص بیمار ہے تو اس کو ہسپتال منتقل کیا جاسکتا ہے ، ہسپتال جانے کیلئے 3 افراد یعنی مریض، ڈرائیور اور تیماردار جاسکتا ہے ، احتیاطی تدابیر کیساتھ ضروری سروسز اور کھانے پینے کی چیزوں کی سپلائی جاری رہے گی۔ لاک ڈاؤن کا اطلاق مساجد اور عبادت گاہوں پر بھی ہوگا،کھانے پینے کی دکانیں ، کریانہ شاپس اور میڈیکل سٹورز کھولنے کی اجازت ہوگی۔ اے ٹی ایم کھلے رہیں گے ، بینک اپنا کام جاری رکھیں گے لیکن صرف ضروری سٹاف کوہی ڈیوٹی پر جانے کی اجازت ہوگی۔حکومت سندھ نے کرونا ایمرجنسی کے نام سے فنڈ قائم کیا ہے ، مخیر حضرات تعاون کریں۔حکومت سیاسی جماعتوں اور مخیر حضرات کیساتھ ملکر غریبوں کے گھر تک راشن پہنچائے گی یا نقد پیسے دے گی،کرایہ داروں کیلئے مالکان سے درخواست کرتا ہوں کرایہ ایک مہینے کیلئے مؤخر کریں، بجلی، پانی اور گیس کمپنیاں لوڈ شیڈنگ نہ کریں۔وزیراعلیٰ نے بجلی اور گیس کمپنیوں کو ہدایت کی جن صارفین کا بجلی کا بل 5000 اور جن کا گیس کا بل 2000 تک ہے اُن سے اس مہینے کا بل نہ لیں، یہ بل اگلے 10 مہینوں میں تھوڑا تھوڑا کرکے لیں، افواہوں سے بچنے کیلئے سندھ حکومت کا ایک فیس بک پیج اور ٹوئٹر اکاؤنٹ ہوگا جہاں سے سندھ حکومت کی تمام ہدایات ملیں گی۔عوام نے ساتھ نہ دیا تو ہماری پوری محنت رائیگاں جائے گی، میں وفاقی حکومت کا شکر گزار ہوں جومیری بھرپور مدد کررہی ہے ۔ کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے سندھ کے بعد پنجاب اور بلوچستان میں بھی فوج طلب کرلی گئی ۔ پنجاب حکومت نے آرٹیکل 245 کے تحت صوبے میں فوج طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے کہاپاک فوج نے ہمیشہ مشکل کی گھڑی میں قوم کی مدد کی ہے اوراب کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے بھی ہم پاک فوج کو مدد کیلئے طلب کررہے ہیں۔بعدازاں وفاقی سیکرٹری داخلہ کو مراسدلہ ارسال کر دیا گیا جس میں درخواست کی گئی کہ آرٹیکل 245 کے تحت پاک فوج کے دستوں کو پنجاب میں تعینات کیا جائے تاکہ وہ کرونا وائرس کے حوالے سے درپیش چیلنجز کے سلسلے میں سول انتظامیہ کے معاون کے طور پر خدمات سر انجام دے سکیں۔بلوچستان حکومت نے بھی آرٹیکل 245کے تحت پاک فوج کو سول اختیارات دینے کیلئے خط لکھ دیا ہے ۔ پاک فوج کو آرٹیکل 245کے تحت اختیارات دئیے جائینگے ۔ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا بلوچستان میں ابھی لاک ڈاؤن کا فیصلہ نہیں کیا۔ بڑی مارکٹیں اورشاپنگ مالز بندہیں۔سماجی فاصلہ ہی کرونا وائرس کا واحد حل ہے ۔ وزیراعلیٰ بلوچستان جام محمد کمال خان نے کہا ہے صوبے میں جزوی لاک ڈائون کا اعلان کیا ہے ،عوام نے تعاون نہ کیا دن بدن سختی آتی جائے گی۔کراچی اوراندرون سندھ رینجرزکی اضافی نفری تعینات کردی گئی جبکہ کراچی میں سول انتظامیہ کی مدد کیلئے فوج کے دستوں کی آمد شروع ہوگئی ۔ اسلام آباد میں آج سے ریسٹورنٹ اورشاپنگ مالز7روزکیلئے بندرہیں گے ۔خیبرپختونخوا میں بین الاضلاعی ٹرانسپورٹ پر سات دنوں کیلئے پابندی عائد کر دی گئی۔ وزیراعظم کی ہدایت پر تجارتی سرگرمیوں کیلئے کھلنے والی پاک افغان سرحد کو 24 گھنٹے بعد ایک بار پھر بند کر دیا گیا۔پنجاب میں آج سے ٹیچنگ ہسپتالوں کی او پی ڈیزمیں پانچ شعبوں کی سروسز بند کر دی گئیں ۔ناک، کان ، گلہ (ای این ٹی)، شعبہ دندان ، ڈرماٹالوجی ، امراض چشم اور جبڑے کے امراض کے شعبے شامل ہیں ۔ ان شعبوں کے مریض او پی ڈی کی بجائے صرف ایمرجنسی میں چیک اپ کر ا سکیں گے ۔پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں میڈیکل کالجز کے طلبا و طالبات کی بھی خدمات حاصل کرنے کی تجویز دی گئی ہے ۔محکمہ داخلہ پنجاب نے کرائسزمینجمنٹ سیل فعال کر دیا ۔ کرائسزمینجمنٹ سیل کروناوائرس کے پھیلاؤاوراقدامات کی مانیٹرنگ کرے گا ۔ سیل زائرین اور مشتبہ مریضوں کا ڈیٹا اکٹھا کرے گا۔سیل قرنطینہ سنٹرزمیں سہولتوں کاروزانہ کی بنیادپرڈیٹا اکٹھا کرے گا۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے لاہور، راولپنڈی اور ملتان میں میٹرو بس سروس بند کرنے کیساتھ مسافر بسوں کو ڈس انفیکٹ کرنے کے احکامات جاری کر دئیے ۔دریں اثنا اتوار کے روز کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک بھر میں مارکیٹیں بند رہیں اور تفریحی و تجارتی سرگرمیاں معطل رہیں۔ تمام شہروں میں چھوٹے بڑے بازار، شاپنگ مال، تفریح گاہیں اور پارکس بند رہے جبکہ ساحلی مقامات جانے پر پابندی رہی ۔صرف کھانے پینے کی اشیا کی دکانیں اور میڈیکل سٹورز کھلے ہیں۔احتیاطی اقدامات کے تحت پبلک ٹرانسپورٹ بھی بند رہی جس کے باعث سڑکوں سے ٹریفک غائب رہی اور شاہراہوں پر سناٹے کا راج رہا ۔ کرونا وائرس سے بچا ئوکیلئے ریلوے سٹیشنوں، ہسپتا لوں اور بس اڈوں پر میونسپل عملے کی جانب سے سپرے بھی کیا جاتارہا ۔ بیجنگ،روم، نیویارک، جدہ (92نیوز رپورٹ ،مانیٹرنگ ڈیسک،اے ایف پی، نیوزایجنسیاں) دنیا بھر میں کروناوائر س سے ہلاکتیں 14,597 ہو گئیں۔گزشتہ 24 گھنٹوں میں دنیا بھرمیں کرونا وائرس سے مزید1,590 افراد ہلاک جبکہ29,461 نئے کیس سامنے آگئے ۔متاثرہ ممالک کی تعداد189ہو گئی جہاں متاثرین کی تعداد334,451 ہو گئی جن میں سے 97,574مریض صحتیاب ہو چکے جبکہ10,620کی حالت تشویشناک ہے ۔اٹلی 651، سپین میں375،ایران 129،امریکہ ،فرانس112،برطانیہ 48، نیدرلینڈز43،سوئٹزرلینڈ18، انڈونیشیا 10، ترکی9،جرمنی، آسٹریا، بلجیم8،8، ایکواڈور 7،چین، فلپائن میں6،6، عراق 3،بھارت، جنوبی کوریا، پرتگال،ملائشیا،یونان،پولینڈ، رومانیہ،کولمبیا،الجیریا،ہنگری،تیونس2،2، افغانستان، گوام، موریشس، برکینا فاسو،سربیا، بحرین،کینیڈا، سلوینیا،سویڈن، آئرلینڈ میں ایک ایک مریض چل بسا۔امریکہ 14,550،اٹلی 5,560 ، سپین3,107، جرمنی 2,442،ایران1,028، برطانیہ 665، بلجیم 586، نیدرلینڈز573،سوئٹزر لینڈ367،پرتگال 320، آسٹریا 310،آسٹریلیا281، ایکواڈور257،تھائی لینڈ 188،سویڈن 161، ملائشیا 123، سعودی عرب 119، فن لینڈ 103نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔برطانیہ میں کرونا سے ایک اور پاکستانی نژاد شہری جاں بحق ہو گیا۔شیفیلڈ کے رہائشی پاکستانی کا تعلق آزادکشمیر سے تھا۔ ایک ہفتے کے دوران دنیابھر میں کروناوائرس کیسزدوگناہوگئے ۔ اٹلی میں سب سے زیادہ اموات شمالی ریجن لامبارڈے میں ہوئی ہیں جہاں ا تک 3 ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے اور اب وہاں مکمل لاک ڈاؤن ہے ۔ امریکہ کی تمام ریاستوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ۔سعودی عرب میں16 روز کیلئے لاک ڈائون کر دیا گیا۔ ریاض کے 13 ہوٹلوں کو قرنطینہ میں تبدیل کر دیا گیا۔ سعودی عرب نے ٹرینوں، بسوں اور ٹیکسیوں سمیت انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک پروازوں کو بند کردیا۔قومی اداروں میں بھی چھٹیاں دیدی گئی ہیں ۔تمام بڑے شاپنگ مالز اور پارک بند کر دیئے گئے ہیں۔کویت میں کرفیو نافذ کر دیا گیا۔ یونان نے پورے ملک میں لاک ڈاؤن کر دیا۔ فلسطینی اتھارٹی نے مغربی کنارے میں دو ہفتے کیلئے لاک ڈاؤن کر دیا۔ فرانس اور اسرائیل میں بھی ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ۔تجارتی سرگرمیوں کو بھی محدود کردیا گیا اور ہرقسم کی تفریحی اور سیاحتی سرگرمیاں بھی بند کردی ہیں۔سپین میں ہلاکتوں کے بعد لاک ڈاؤن مزید 2ہفتے بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔بھارت میں گزشتہ روز کامیاب جنتا کرفیو کے بعد مرکزی اور ریاستی حکومتوں نے کرفیو کو مزید 15 دن تک بڑھانے کا فیصلہ کرلیا۔تمام مسافر ٹرینیں، میٹرو اور بس سروس 31مارچ تک بند کر دی گئی۔ راجستھان، پنجاب، دہلی اور تلنگانہ میں مکمل لاک ڈاؤن جبکہ اترپردیش، مہاراشٹر، تامل ناڈو اور کیرالہ کے 75اضلاع میں لاک ڈاؤن کر دیا گیا۔امریکی سینیٹر رینڈ پال اور بکنگھم محل میں ملکہ برطانیہ کے قریبی ساتھی میں کرونا کی تشخیص ہوئی ہے ۔پہلی بار برطانیہ میں امپیریل کالج لندن نے گزشتہ ہفتے 280طلبہ کے امتحانات آن لان لئے ہیں، برطانیہ بھر میں ایسے ہی امتحانات لینے کے فیصلے پر غور کیا جا رہا ہے ۔سعودی عرب میں چینی سفیر چین وی چنگ نے سیلف آئسولیشن اختیار کر لی۔ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے اہم ترین ماہر ڈاکٹر مارئیک ریان نے لاک ڈاؤن کو ناکافی اور خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے اس کے اختتام کے بعد کرونا وائرس کے کیسز تیزی سے بڑھ سکتے ہیں۔ کرونا وائرس پر قابو پانے کیلئے ضروری ہے کہ متاثرہ افراد کی تلاش کریں، متاثرہ افراد اور ان کے قریبی افراد کا پتا لگا کر انہیں قرنطیہ کریں۔