کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان اسٹاک مارکیٹ می کاروباری ہفتے کے آخری روز جمعہ کو زبردست تیزی ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس کی 43ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہوگئی اور انڈیکس 683.98پوائنٹس کے اضافے سے 43207.05 پوائنٹس کی سطح پرپہنچ گیا جب کہ63.68 فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جس کے باعث مارکیٹ کی سرمایہ کاری میں ایک کھرب 8 ارب 43 کروڑ 77 لاکھ روپے بڑھ گئے اورکاروباری حجم بھی جمعرات کی نسبت 10.37 فیصد زائد رہا۔ پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں گزشتہ روزٹریڈنگ کے آغاز سے ہی مثبت رجحان دیکھنے میں آیا اورسرمایہ کاروں کی جانب سے حصص کی نچلی سطح پر آئی قیمتوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بھرپور خریداری کی گئی جس کے نتیجے کے ایس ای 100 انڈیکس43ہزار کی نفسیاتی حد کو بحال کرنے میں کامیاب ہوگیا اوردوران ٹریڈنگ انڈیکس 43237 پوائنٹس کی بلند سطح پرپہنچ گیا بعد میں30پوائنٹس کی کمی ہوئی لیکن تیزی کا رجحان غالب رہا اورمارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس683.98پوائنٹس کے اضافے سے 05۔ 43207پوائنٹس پوائنٹس پر بند ہوا۔ اسی طرح کے ایس ای 30انڈیکس 368.82پوائنٹس کے اضافے سے 20028.20پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 403.78پوائنٹس کے اضافے سے 30058.44پوائنٹس پر بند ہوا۔گزشتہ روز مجموعی طور پر369کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 235کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ116میں کمی اور18میں استحکام رہا۔