لاہور(سپورٹس رپورٹر) پی سی بی ا نتظامیہ کی ایک اور ناقابل فہم حکمت عملی سامنے آگئی، محمد حفیظ کورونا ٹیسٹ نتائج معمہ کے بعد دورہ انگلینڈ کے سکواڈ کی پہلی کوویڈ ٹیسٹنگ میںکورونا پازیٹیوآنے والے دس کھلاڑیوں کو ری ٹیسٹنگ سیمپلنگ کے لئے قرنطینہ سے باہر نکلنے پر مجبور کر دیا،دوسری جانب لا ہور میں ہوٹل میں موجود کورونا منفی کھلاڑیوں کی بھی معمول کی میڈیکل سکریننگ کی گئی۔ چار روز قبل کورونا مثبت کھلاڑیوں کو گھروں میں قرنطینہ کی سختی سے ہدایت کی گئی تھی ، تاہم پی سی بی نے اپنی ہی حکمت عملی کی خود ہی دھجیاں اڑاتے ہوئے دس کھلاڑیوں اور ایک سپورٹ سٹاف رکن کو کوویڈری ٹیسٹنگ سیمپلنگ کے لئے قرنطینہ سے نکل کر لیبارٹریز میں جانے کے لئے کہا۔حارث روف، حیدر علی اور شاداب خان کو ری ٹیسٹنگ سیمپلنگ کے لئے راولپنڈی سے پشاور جانا پڑا۔محمد رضوان،فخر زمان اور عمران خان کی ٹیسٹنگ سیمپلنگ بھی پشاورکے نجی ہسپتال میں کی گئی۔محمدحفیظ، وہاب ریاض اور مساجر ملنگ علی کے ٹیسٹ بھی لاہورکے نجی ہسپتال میں ہوئے ۔محمد حسنین اور کاشف بھٹی کے ٹیسٹ سیمپل کراچی میں لئے گئے ۔ ان کے نتائج ہفتہ کو مل جائیں گے ۔