لاہور سے روزنامہ 92نیوز کی رپورٹ کے مطابق ریلوے میں ملازمین کی حاضری کی چیکنگ سخت کردی گئی ہے‘ گزشتہ روز ریلوے انتظامیہ نے تاخیر سے آنے والے افسروں اور ملازمین کو اوقات کار کا پابند بنانے کے لئے صبح سوا 9بجے ریلوے ہیڈ کوارٹرز کے دروازے بند کر دیے‘بلا شبہ محکمہ ریلوے ملک کو بڑے پیمانے پر ریونیو دینے والا مفید ادارہ تھا لیکن گزشتہ تین دہائیوں میں اس کا جو حشر ہوا وہ سب کے سامنے ہے۔ اس کے افسروں اور ملازمین کے بارے میں یہ شکایات عام تھیں کہ وہ مقررہ اوقات صبح نو بجے کے بعد اپنے دفاتر میں آتے ہیں اور چھٹی کے اوقات چار بجے سہ پہر سے پہلے چلے جاتے ہیں۔ بعض کے بارے میں تو یہ بات بھی رپورٹ ہوئی کہ وہ گھر بیٹھے تنخو ا ہیںلے رہے ہیں۔ ایسے کام چوروں کی وجہ سے نا صرف ادارے کی ساکھ متاثر ہوئی بلکہ ریلوے آمدنی کے لحاظ سے شدید خسارے کا شکار ہو گیا اور ملکی معیشت کو نقصان پہنچا ۔ دیر آید درست آید کے مصداق ریلوے انتظامیہ نے حاضری چیکنگ کا نظام نافذ کر کے اچھا قدم اٹھایاہے ۔ مرکز اور صوبوں کے تمام سرکاری محکموں کو چاہیے کہ وہ بھی اپنے ہاں افسروں اور ملازمین سے دفتری اوقات کار کی سختی سے پابندی کرائیں اور حکم عدولی کرنے والے ملازمین کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے ۔ اس سے نا صرف شہریوں کے مسائل جلد حل ہونگے بلکہ ریونیو میں بھی اضافہ ہو گا جس سے ملکی معیشت پر بہتراثرات مرتب ہو نگے۔