کراچی ( کلچرل رپورٹر) اداکارہ میرا نے انصاف نہ ملنے پر خودکشی کی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ایسا ہوا تو میری موت کے ذمہ دار پاکستان کے وزیراعظم عمران خان اور ان کی ریاست مدینہ ہوگی ، میرا کو آج ریاست کی مدد کی ضرورت ہے لیکن شاید صاحب اختیار لوگ عمر شریف کی طرح کروڑوں روپے کی امداد لے کر اس وقت میرے پاس آئیں گے جب میں وہیل چئیر پر پہنچ جاؤں گی ۔دس سال سے مجھے ایک بے بنیاد مقدمے پر عدالتوں کے چکر لگوائے جارہے ہیں اور بحیثیت عورت مجھے پاکستان میں شادی کی اجازت نہیں مل رہی لیکن میں تو اپنی مرضی سے بھارت اور دبئی کو چھوڑ کر پاکستان میں رہ رہی ہو ں ، پاکستان فلم ٹی وی جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے چئیرمین اطہر جاوید صوفی کی دعوت پر کرانی پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمر شریف کے انتقال سے پاکستان کی شوبز انڈسٹری کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے ۔ بار بار وزیراعظم عمران خان اور دیگر با اختیار لوگوں سے کہہ چکی ہوں کہ مجھے فلم بنانے کیلئے فنڈز درکار ہیں، حکومت اور ریاست میری مدد نہیں کر رہے ۔میں کسی بھی معاملے میں کبھی ڈیفالٹر نہیں رہی ۔