Common frontend top

10ممالک میں تحقیقات: 700ارب کی منی لانڈرنگ،معلومات مل گئیں:شہزاداکبر

منگل 13 نومبر 2018ء





اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) وزیر اعظم عمران خان کے مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر نے کہاہے کہ 10 ممالک میں کی گئی تفتیش کے مطابق 5.3 ارب ڈالر کے اثاثوں کا سراغ لگالیا جو 700 ارب روپے بنتے ہیں،منی لانڈرنگ اور مختلف غیر قانونی طریقوں سے یہ پیسہ پاکستان سے باہر لے جایا گیاہے جس کے ذریعے باہر اثاثے اور جائیدادیں بنائی گئی ہیں،ہم نے تمام بڑے مگرمچھوں کو نوٹس بھجوا دیئے ہیں اور کچھ ممالک میں ان کے پیسے بھی منجمد کرا دیئے ہیں،جوابات کے بعد باقاعدہ ریفرنسز فائل کئے جائیں گے ،ابتدائی طور پر 10لاکھ ڈالر سے زیادہ اثاثے رکھنے والوں کو گرفت میں لارہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر سینیٹر جاوید فیصل اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی افتخار دورانی بھی موجود تھے ۔شہزاد اکبر نے کہا پاکستان سے باہر جانے والی رقم 700 ارب روپے سے زائد ہے ، اس میں سوئس جائیدادیں شامل نہیں۔انہوں نے کہا رکشے اور فالودے والے کے کیسز میں 5 ہزار سے زیادہ جعلی بینک اکاؤنٹس ہیں جن کے ذریعے بیرون ملک ایک ارب ڈالر کی منی لانڈرنگ کا پتا لگایا،دبئی لینڈ اتھارٹی کے مطابق وہاں رئیل اسٹیٹ میں سب سے زیادہ حصہ پاکستانیوں کا ہے ۔انہوں نے کہا ایم کیو ایم بھی بڑی رقم کی منی لانڈرنگ میں ملوث ہے ، ثبوت نیشنل کرائم ایجنسی سے شیئرکئے اور کیس برطانیہ نے پک اپ کرلیا ، جن کیسز کی تفصیلات آتی رہیں گی، ان کے نام ای سی ایل پربھی ڈالے جائیں گے ۔انہوں نے کہا سوئس بینکوں میں پاکستانیوں کے اثاثوں کے بارے میں قوم کواس ماہ کے آخر میں خوشخبری دیں گے ۔انہوں نے کہا ایک اقامہ ملک سے لوٹی دولت باہر بھیجنے کیلئے لیا جاتا ہے ، ہم اقامہ ہولڈرز کی معلومات سرکاری اوراپنے طور پر لے رہے ہیں، اقامہ رکھنے کا مقصد لوٹی ہوئی دولت کو چھپانا ہے ، وزیراعظم، وزیر داخلہ عہدوں کے لوگ بھی اقامے لیتے ہیں۔شہزاد اکبرنے کہا اب اقامہ کی آڑمیں چھپنے والے محفوظ نہیں رہ سکیں گے ، اقامہ کی آڑمیں دبئی اور سوئس بینکوں میں چھپائی گئی رقم سامنے لائیں گے ، اقامہ رکھنے والوں کی تفصیلات کیلئے کارروائی شروع کردی ہے ۔شہزاد اکبر نے کہا برطانیہ میں ایک خاتون کی بڑی شاپنگ کا چرچا ہوا تھا، ہمارے ہاں بھی ایسے بڑے لوگ ہیں جو تھری جی لائسنس کے کمیشن کھا کر بیٹھے ہیں۔پریس کانفرنس کے دوران سینیٹرفیصل جاوید نے کہا این آراو مانگنے والوں کوکچھ نہیں ملا،شہزاد اکبر کو بہت کچھ مل گیا ہے ۔افتخار درانی نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ 15 ارب ڈالر کی صرف دبئی میں پراپرٹی بنائی گئی۔ 

 

 



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں










اہم خبریں