مکرمی ! قدیمی شہر ہونے کی وجہ سے ملتان کے تنگ بازار ، بے ہنگم ٹریفک اور ناجائز تجاوزات کی بھر مار اہم مسائل ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کئی بار شہر کے مختلف علاقوں میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کرچکی، حسین آگاہی بازار،گھنٹہ گھر، حرم گیٹ اور شہر کے گنجان آباد علاقوں میں وقتی طور پر ناجائز تجاوزات ختم اور ناجائز تعمیرات مسمار کی گئی ، فٹ پاتھ واگزار کروالئے گئے ، جس سے شہر کے گنجان آباد علاقے ایک نئی تصویر پیش کرنے لگے ۔ مگر ان کاروائیوں کے بعد ناجائز تجاوزات قائم کرنے والوں کے خلاف ٹھوس حکمت عملی نہیں اپنائی جاتی، جس کی وجہ سے کہیں سیاسی اثر رسوخ تو کہیں عملے کی ملی بھگت سے نا جائز تجاوزات پھر سے قائم ہو جاتے ہیں۔ اور تجاوزات کی وجہ سے بعض اوقات تو اس قدر ٹریفک جام ہوتا ہے کہ ایمبولینس اور دیگر ایمرجنسی گاڑیاں بھی گھنٹوں ٹریفک میں پھنسی رہتی ہیں۔ عالمی بینک اور دیگر عالمی اداروں کی رپورٹوں کے مطابق ملتان سرمایہ کاری کیلئے نہا یت پر کشش علاقہ ہے کیونکہ یہاں ملک کے دیگر علاقوں کے مقابلہ میں سستی لیبر دستیاب ہے ، لہٰذا حکو مت کو یہاں پر انفرا سٹرکچر کے ساتھ ساتھ اقتصادی و تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینا چاہیے ، تاکہ ملتان خوبصورت شہر بنے اور شہریوں کو ٹریفک جام مسائل سے نجات مل سکے ۔ (رانا اعجاز حسین چوہان ملتان)