وزن کم کرنے کے لئے لمبے عرصے تک کسی خاص ورزش یا غذا کا استعمال خاصا مشکل کام ہے لیکن بہت سے طریقے ایسے ہیں جن کے ذریعے آپ کم کیلوریز لے سکتے ہیں۔

اچھی طرح چبا کر کھانے سے کھانے کی رفتار کم ہوتی ہے ا س طرح جلد پیٹ بھر اہوا محسوس ہوتا ہے اور کم کھانا کھایا جاتا ہے۔ زیادہ تیزی سے کھانا وزن کو بڑھانے میں مدد دیتا ہے۔ تحقیق سے ثابت ہوتا ہے کہ تیزی سے کھانے والوں کا آہستہ کھانے والوں کی نسبت زیادہ وزن بڑھتا ہے۔ آہستہ آہستہ چبا کر کھانے میں آپ کا کم کیلوریز میں پیٹ بھر جائے گا۔ وزن کم کرنے اور موٹاپے سے بچنے کا آسان طریقہ ہے۔

پہلے وقتوں کے مقابلے میں آجکل بڑے سائز کی پلیٹیں استعمال ہونے لگی ہیں۔ جب چھوٹی پلیٹوں میں کھایا جاتا تھا تو کم کھانے سے بھی پلیٹ بھری ہوئی لگتی تھی جبکہ اب بڑی پلیٹ میں جتنا کھانا ڈال لیں وہ کم لگتا ہے اور آپ اس میں مزید کھانا ڈالنا چاہتے ہیں۔ اس لیے جب بھی مضر صحت کھانا کھائیں چھوٹی پلیٹ میں کھائیں جبکہ صحت بخش کھانے کے لیے بڑی پلیٹ استعمال کریں۔

کھانے پینے کی چیزیں سامنے ہوں تو انھیں دیکھ کر بھوک لگتی ہے اور کھانے کا دل چاہتا ہے۔ایک تحقیق کے مطابق جن گھروں میں زیادہ کیلوریز والے کھانے سامنے ہوتے ہیں اس گھر کے افراد ان افراد کے مقابلے زیادہ موٹے ہوتے ہیں جن کے گھروں میں پھل سامنے رکھے ہوتے ہیں۔ اس لیے مضر صحت کھانوں کو ایسی جگہ رکھیں جہاں نظر نہ جاسکے جبکہ صحت بخش کھانوں کو نظروں کے سامنے رکھیں تاکہ جب بھی آپ کو بھوک لگے آپ اچھی چیز کھائیں۔

فائبر والی غذاؤں میں پیٹ دیر تک بھرا محسوس ہوتا ہے۔ایک تحقیق کے مطابق ایک خاص قسم کے فائبر جو وسکس فائبر کہلاتا ہے۔وزن کم کرنے میں بہت مددگار ہے اور اس سے کھانا کھانے کی کم خواہش ہوتی ہے۔ یہ فائبر پھلوں ، جو ، کینو اور السی کے بیجوں میں پایا جاتا ہے۔کھانے سے پہلے پانی پینے سے کھانا کم کھایا جاتاہے اس طرح وزن کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔

ایک تحقیق کے مطابق کھانے سے آدھا گھنٹہ پہلے آدھا لیٹر یعنی دو گلاس پانی پینے سے بھوک کم ہوجاتی ہے اور ایسے لوگ ۲۱ ہفتوں میں ۴۴ فیصد تک زیادہ وزن کم کرلیتے ہیں۔ اسی طرح اگر آپ زیادہ کیلوری والے سوڈا ڈرنکس اور جوس کی جگہ بھی پانی استعمال کریں تو اس کا بھی آپ کی صحت پر اچھا اثر پڑے گا۔

کھانا کھاتے وقت صرف کھانے پر دھیان دیں اس طرح آپ کم کیلوریز کھائیں گے۔ ایسے لوگ جو کھانا کھاتے وقت ٹی وی دیکھ رہے ہوں یا کمپیوٹر اور موبائل استعمال کر رہے ہوں تو وہ ضرورت سے زیادہ کھاسکتے ہیں۔ کھانے کے دوران برقی آلات استعمال کرنے والے لوگ ۵۲ فیصد زیادہ کیلوریز لے سکتے ہیں۔ اگر آپ کھانا کھاتے وقت ہمیشہ ان چیزوں کا استعمال کرتے ہیں تو حاصل ہونے والی کیلوریز صحت پر غلط اثر ڈالیں گی۔میٹھے مشروبات سے زیادہ کیلوریز حاصل کی جاسکتی ہیں کیونکہ ان سے پیٹ جلدی نہیں بھرتا۔ اس لیے میٹھے مشروبات سے پرہیز بھی وزن کم کرنے اور بہت سی بیماریوں سے بچاتا ہے۔