لاہور،اسلام آباد،کراچی (نمائندہ خصو صی سے ،سپیشل رپورٹر،سٹاف رپورٹر،92 نیوز رپورٹ،این این آئی) مادر وطن کی ڈائمنڈ جوبلی تقریبات آج اتوار کو ایک نئے جوش و جذبے کے ساتھ منا ئی جائیں گی۔سعودی قیادت سمیت کئی عالمی رہنماؤں نے پاکستانی قوم کو مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔جشن آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی کے سلسلے میں ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں تقریبات منعقد ہوں گی ۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں31اور صوبائی دارلحکومت لاہور میں 21توپوں کی سلامی دی جائے گی ۔دن کا آغاز مساجد میں تحریک آزادی کے شہداء کیلئے قرآن خوانی سے ہو گا ، خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی، اوقاف و مذہبی امور نے لاہور سمیت پنجاب بھر میں ڈویژنل اور ضلعی سطح پر موجود وقف مساجد میں خصوصی محافل کے انعقاد کا اہتمام کیا ہے ۔مزار قائد اور مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریبات منعقد ہوں گی سرکاری و نجی عمارتوں،گھروں پر قومی پرچم لہرا دئیے گئے ، مارکیٹوں اور گلیوں بازاروں کو رنگ برنگی جھنڈیوں اوربرقی قمقموں سے سجا دیا گیا ہے پرچم کشائی کی تقریبات منعقد ہوں گی۔دریں اثناصدر مملکت عارف علوی نے آزادی کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہاکہ ڈائمنڈ جوبلی کے موقع پر ہمیں اپنی کامیابیوں اور خامیوں کا بھی احاطہ کرنے کی اشد ضرورت ہے ،اپنی 75 سالہ تاریخ میں ہم نے مختلف مشکلات پر کامیابی سے قابو پایا،ہم ایک ایٹمی قوت بن کر ابھرے ،پاکستان اقوام ِمتحدہ کی قرادادوں کے مطابق کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول کی جائز جدوجہد کی ہر ممکن سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پوری پاکستانی قوم کیلئے ایک تاریخی دن ہے ، پاکستان کا قیام کسی معجزے سے کم نہ تھا ، جہاں75 واں یومِ آزادی بے پناہ مسرت اور جشن کا باعث ہے ، وہیں یہ اجتماعی اور انفرادی سطح پر خود احتسابی کا بھی ایک موقع ہے ، شروع دن سے اس ملک کو مصائب کا سامنا رہا مگر ہماری بہادر قوم کے جذبے کے آگے تمام مصائب گھٹنے ٹیکتے گئے ، حقیقی آزادی ضرورتوں، بھوک، افلاس اور پسماندگی سے آزادی کا نام ہے ، جب تک ہم معاشی طور پر ایک خودمختار ریاست نہیں بنتے ، تب تک مکمل آزادی کا یہ خواب حقیقت بننے سے محروم رہے گا۔ چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی نے کہاہے کہ ہمارے آباؤ اجداد کی قربانیوں کا ہم پر اور ہماری آنے والی نسلوں پر قرض ہیں۔ سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی نے کہا کہ ہر شہری کا فرض ہے کہ اس ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے دن رات کام کرے ۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بااختیار پارلیمنٹ ہی ملک اور قوم کے مستقبل کا فیصلہ کر سکتی ہے ،آئین کی بالادستی بغیر آزادی کے ثمرات کا 22 کروڑ پاکستانیوں تک پہنچنا صرف دیوانے کا خواب رہے گا۔وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا ہے کہ یہ دن خوشی اور اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ شکر بجالانے کا ہے ۔ دیوان آف جوناگڑھ صاحبزادہ سلطان احمد علی نے کہا کہ مسئلہ جموں و کشمیر اور جوناگڑھ گزشتہ سات دہائیوں سے حل طلب ہیں جو 1947ء کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا ہیں علاوا زیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پر نظربندسینئر رہنمائوں شبیر احمد شاہ اور نعیم احمد خان ودیگرنے اپنے پیغامات میں کہا کہ کشمیر کاز کیلئے مسلسل سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت پر کشمیری پاکستان کے مشکور ہیں، ایک مضبوط اور خوشحال پاکستان تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کا ضامن ہے ۔دوسری جانب سعودی فرمانرواشاہ سلمان ،سعودی ولی عہدشہزادہ محمد بن سلمان نے صدرمملکت عارف علوی کے نام تہنیتی پیغامات میں کہاپوری پاکستانی قوم کویوم آزادی پرمبارکباد پیش کرتے ہیں،پاکستان کی ترقی،خوشحالی اور کامیابی کیلئے دعاگوہیں،ہماری نیک خواہشات اور دعائیں پاکستان کیساتھ ہیں۔پاکستان میں آسٹریلوی ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے پاکستان کویوم آزادی کی مبارکباد دی ہے ۔ ایک خصوصی پیغام میں انہوں نے کہاآپ کا نسلی تنوع، بھرپور ثقافتی ورثہ، شاندار کھانا اور شاندار مناظر، لیکن میرے لیے سب سے نمایاں عنصر پرجوش اور خوش آمدید کہنے والے لوگ ہیں ۔