لاہور (اپنے سٹاف رپورٹر سے )پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں نے پنجاب بھر میں 144 اچار اور مربہ جات یونٹس کی چیکنگ کی ، ناقص انتظامات پر 4فیل، 2یونٹس کی پروڈکشن بند کر دی گئی جبکہ2ہزار 640کلو فنگس زدہ مربہ، 873 کلوزائدالمیعاداچار، بھاری مقدار میں کھلے رنگ اورمصالحہ جات کو برآمد کر لیا گیا،حفظان صحت اصولوں کی خلاف ورزی پر 26یونٹس کوجرمانے اورمعمولی نقائص پر 107کو اصلاحی نوٹسزجاری کیے گئے ۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی کیپٹن (ر) محمد عثمان کا کہنا تھا کہ لاہور زون میں 82،راولپنڈی میں 29،ملتان میں 26اور مظفر گڑھ زون میں 7یونٹس کو چیک کیا گیا،گلے سڑے پھلوں،سبزیوں کو کیمیکلزلگا کر مربہ اور اچار تیار کرنے پر یونٹس کو سیل کیا گیا۔ناقص نیلے ڈرموں میں محفوظ کیے گئے مضر صحت مربہ جات میں مرے مچھر، مکھیوں کی بھاری مقدار پائی گئی۔پروڈکشن ایریا میں سگریٹ نوشی،ورکرز کی صفائی نہ ہونے اور انتہائی ناقص سٹوریج پر یونٹس کو سیل کیا گیا۔