دانش احمد انصاری

 

رواں دور میں بچوں کی پرورش کرنا والدین کے لیے انتہائی مشکل ہو گیا ہے۔ آج کے بچے انٹرنیٹ تک رسائی پانا چاہتے ہیں، تا کہ وہ اپنے من پسند کارٹونز اور ویڈیو گیمز کھیل سکیں۔ لیکن یوٹیوب جیسی ویب سائٹ جہاں ہر عمر کے افراد کے لیے مواد دستیاب ہو، وہ کسی بھی طور پر چھوٹے بچوں کے لیے موافق نہیں۔ انٹرنیٹ تک بآسانی رسائی ہونے کی وجہ سے بچوں کو غیر اخلاقی مواد سے دور رکھنا بھی دردِ سر سے کم نہیں۔ تاہم یوٹیوب نے والدین کو ایک شاندار تحفہ دیا ہے۔ کمپنی نے بچوں کے لیے’youtubekids.com‘ کے نام سے ویب سائٹ جاری کر کے والدین کی راحت کا سامان پیدا کیا ہے۔ اب والدین کو ہر وقت بچوں پر نظر نہیں رکھنا پڑے گی، کیونکہ بچوں کے لیے تیار کردہ ’یوٹیوب‘ کی خصوصی ویب سائٹ میں بچوں کے لیے موافق مواد دستیاب ہے۔ یہ ویب صارفین کو ’کڈز موبائل ایپ‘ کی طرح کی سہولت فراہم کرے گا۔ یوٹیوب کی نئی ویب سائٹ میں والدین کو اپنے بچے کی عمر کے مطابق مواد منتخب کرنے کا آپشن بھی دستیاب ہو گا۔ 

والدین کو اپنے بچے کی براؤزنگ ہسٹری اور متعلقہ تاریخ دیکھنے کی بھی اجازت ہو گی، جبکہ غیر مناسب مواد کو فلیگ (flag) بھی کیا جا سکے گا۔ اگر آپ کسی ایسی ویڈیو کو ’فلیگ‘ کرتے ہیں جو کہ بچوں کے لیے مناسب نہیں تو یوٹیوب کا سٹاف اِس کی جانچ کرے گا۔ اگر مواد کمپنی کے قواعد و ضوابط کے خلاف ہو گا تو اُسے فوراً ہٹا دیا جائے گا۔ 

دلچسپ بات یہ ہے کہ گوگل کے زیر ملکیت یوٹیوب نے بغیر کسی اعلان یا دھوم دھام کے بچوں کے لیے یہ ویب سائٹ لانچ کی ہے۔ تاہم یہ ویب سائٹ ’یف ٹی سی‘ کے سرکاری اعلامیے سے پہلے سامنے آئی ہے جس میں یوٹیوب کے خلاف بچوں کی رازداری کے خلاف ورزی کرنے پر لاکھوں ڈالر جرمانہ بھی شامل ہے۔ ایف ٹی سی ریگولیشن بورڈ نے رواں برس 5.7 ملین ڈالر جرمانہ کے ساتھ ٹِک ٹِک کو نشانہ بنایا تھا اور ایپ میں عمر کے فاصلے کو ختم کرنے پر مجبور کیا تھا۔ یہ توقع کی جا رہی ہے کہ یوٹیوب پر بھی بچوں کی پرائیوسی کے حوالے سے پابندیاں اسی نوعیت کی ہوں گی۔