لاہور(خصوصی نمائندہ،این این آئی) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پاکستان کو سرسبزبنانے کا پروگرام تحریک انصاف کی حکومت کا فلیگ شپ پروگرام ہے ۔گزشتہ برس وزیر اعظم عمران خان نے کلین اینڈ گرین پاکستان پروگرام کا خود افتتاح کیااور ہماری حکومت کلین اینڈ گرین پاکستان پروگرام کو کامیابی سے آگے بڑھا رہی ہے ۔میانوالی کے علاقے کندیاں میں 2020 ء کی شجر کاری مہم کے تحت جنگلات بحالی کی تقریب سے وزیر اعلی نے سرائیکی زبان میں تقریر کی ۔وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ 26 ارب روپے کی لاگت سے 4 برس کے دوران 50 کروڑ پودے لگائے جائیں گے ۔کلین اینڈ گرین پاکستان ہی ہماری منزل ہے ۔انہوں نے کہا کہ رواں برس پنجاب میں 10 کروڑ پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔ کندیاں کا جنگل تقریبا 20 ہزار ایکڑ پر مشتمل تھا۔ساڑھے پانچ ہزار ایکڑ پر پہلے ہی جنگلات موجود ہیں۔چار سال میں پانچ ہزار ایکڑ پر تقریبا40لاکھ درخت لگائے جائیں گے اورکندیاں جنگل کی بحالی سے موسمیاتی تبدیلیوں کا عمل بہتر ہو گااوراس اقدام سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور جنگلی حیات کو تحفظ ملے گا۔انہوں نے کہا کہ میانوالی میرے دل کے بہت قریب ہے اور میانوالی کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کر رہے ہیں ۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے پلکن کا پودا لگایا،تقریب میں سکول کے 1200 بچوں نے بھی پودے لگائے ۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم نے سیاست میں کرپشن کے بڑے بڑے بت بے نقاب کئے ۔سابق ادوار میں کرپشن کے وائرس نے پاکستان کی جڑوں کو کھوکھلا کیا۔اپوزیشن کی جماعتوں کے پاس کرپشن بچانے کے سوا کوئی ایجنڈا نہیں۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ آج گنگا رام ہسپتال میں مدراینڈ چائلڈ ہسپتال کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھیں گے ۔