لاہور(سپورٹس ڈیسک) پاکستان سپرلیگ 2020 ء کے لیے اب تک 150غیر ملکی کرکٹرز نے کھیلنے کی حامی بھرلی۔ذرائع کے مطابق کرکٹرز کی انٹرنیشنل مصروفیات کے باوجود پی سی بی کو یقین ہے کہ بڑے بڑے نام اس بار بھی پی ایس ایل کھیلنے ضرور آئیں گے ۔ایک جانب پی سی بی نے غیر ملکی کھلاڑیوں کی رجسٹریشن شروع کردی ہے اور دوسری جانب پی ایس ایل 5کے لیے پاکستان آنے کے خواہاں غیر ملکی کھلاڑیوں کے ساتھ معاہدے کیے جارہے ہیں ۔کرکٹ بورڈ کو امید ہے کہ بیشتر غیر ملکی کھلاڑی پاکستان میں مکمل پی ایس ایل کھیلنے کے لیے تیار ہوں گے ۔کھلاڑیوں کے چنائوکی تقریب 6 دسمبر کو لاہور میں ہوگی۔سابق جنوبی افریقی کپتان اے بی ڈی ویلیئرز اس بار پاکستان سپرلیگ کا حصہ نہیں ہوں گے ، وہ پہلے ہی معذرت کرچکے ہیں۔پی سی بی نے پاکستان سپرلیگ 5 کے تمام میچز ملک میں کرانے کا اعلان کررکھاہے ، جو اگلے سال20فروری سے 22مارچ کے دوران ملتان، لاہور، کراچی اور راولپنڈی کے کرکٹ سٹیڈیمز میں کھیلے جائیں گے ۔