اسلام آباد ( خبر نگار خصوصی) جمعیت علماے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ہم نے پاکستان کی سلامتی کی جنگ لڑنی ہے ۔ موجودہ حکومت ایک نااہل حکومت ہے اسے مزید رہنے دینے کا مطلب پاکستان کو جانے دینا ہے انہوں نے کہا آزادی مارچ کے لئے 15 لاکھ سے زیادہ لوگ اسلام آباد آئیں گے ۔ہمارے مختلف سیاسی جماعتوں سے رابطے ہیں وہ ہمارے آزادی مارچ میں شامل ہونگے حالات ایسے بن گئے ہیں کہ کوئی بھی سیاسی جماعت اب پیچھے نہیں رہے گی اس ملک کو سب نے ملکر بچانا ہے اور ملک کو آزاد کروانا ہے ۔ منگل کواسلام آباد میں جے یوآئی کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا ستر سال میں ہم نے کشمیریوں کیلئے کیا کیا اور ریاست کی کیا رائے ہے آج تک پاکستانی عوام اس موقف سے بے خبر ہے ،مشترکہ اجلاس کا اعلامیہ یہ تھا کہ آرٹیکل 370 کو ختم کردیا جائے ، مشترکہ اجلاس میں مذمت کا لفظ شامل نہیں تھا، قوم کو دھوکہ دینا بند کردیں قوم کو اشتعال بھی دلایا جاتا ہے اور پھر سودے بازی کی جاتی ہے ۔ان کاکہنا تھاسلیکٹیڈ وزیر اعظم نے مودی کی انتخابی کمپین چلائی۔ مولانا فضل الرحمان نے کہاحکومت ناجائز و نااہل ہو اور عوام کرب میں مبتلا ہیں، اسلامی دفعات کا خاتمہ بین الاقوامی ایجنڈا ہے یہ حکومت اس ایجنڈے کی ایجنٹ ہے معیشت کو بہتر بنانے کے بجائے ہر گھر آج روٹی کے لئے فکر مند ہے ،ملکی معیشت تباہ ہوگئی ہے ، نوجوانوں کو خوبصورت مستقبل دکھایا گیا اسے بے روز گار کردیا گیا، خطے کی صورتحال خراب ہوتی جارہی ہے ، چین کو ہم نے ناراض کر دیا ہے ہندوستان کے ساتھ حالت جنگ میں ہیں ایران اور افغانستان کے ساتھ حالت جنگ میں جارہے ہیں ۔عبدالغفور حیدری کا کہنا تھاامریکہ کی غلامی کرنے والے کشمیر پر ٹرمپ کو ثالث بنا رہے ہیں اس حکومت کا خاتمہ پوری قوم کے لئے ضروری ہے ، اسلام آبار میں آزادی مارچ ہر صورت ہوگا۔