اسلامی کانفرنس کی تنظیم (او آئی سی)کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس نے پاکستان کی جانب سے پیش کی جانے والی قرارداد متفقہ طور پرمنظور کرتے ہوئے ہرسال 15مارچ کواسلاموفوبیا کیخلاف عالمی دن منانے کی منظوری دیدی ہے۔ وزیر اعظم عمران خان اسلامی دنیا کے وہ واحد حکمران ہیں جنہوں نے سب سے پہلے اسلا مو فوبیا کیخلاف بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے آواز اٹھائی۔ او آئی سی کی قرارداد کی منظوری بلا شبہ اربوں مسلمانوں کے جذبات کی عکاس ہے، یہ اسلاموفوبیا کی لہر ہی ہے جس کی وجہ سے دنیا بھر کے ممالک میں مسلم اقلیتیں متاثر ہو رہی ہیں اور انہیں اسلاموفوبیا کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ بھارت، میانمر،فلسطین،کشمیر میں مسلمان اقلیتیں انتہائی مشکلات کا شکار ہیں جبکہ کئی ممالک میں انہیں مساجد کی تعمیر اور ان پر حملوں، حجاب کی پابندی ،اسلامی اقدار پر عمل پیرا ہونے کے سلسلہ میں امتیازی قوانین سمیت اسلامو فوبیا اور دہشت گردی کی کئی صورتوں کا سامنا ہے۔ پاکستان مسلمانوں کے ساتھ اس ناروا سلوک کے خلاف تمام عالمی فورموں پر اپنا مؤقف واضح کر چکا ہے۔15مارچ کو اسلامو فوبیا کے خلاف ہر سال عالمی دن منائے جانے سے عالمگیر سطح پر اسلام کے خلاف غلط فہمیاں ختم کرنے ،مسلم دنیا میں یکجہتی اور بھائی چارے اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے میں مدد ملے گی ۔