لاہور،کوئٹہ(سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک )امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے حکمرانوں کو خبر دار کیا ہے کہ کشمیر کاز سے بے وفائی کی گئی تو اسلام آباد کا ایسالاک ڈاؤن کرینگے کہ تاریخ یاد رکھے گی ۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی انتہا ہوچکی ہے ۔ ہم کشمیریوں کیلئے خون کا آخری قطر ہ تک بہانے کیلئے تیار ہیں۔مقبوضہ کشمیرکے عوام اس وقت پاک فوج اور پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں لیکن حکومت نے اب تک سوائے بیانات کے کچھ نہیں کیا ۔ ہماری حکومت تماشے اور بیانات دینے کے علاوہ کچھ نہیں کر رہی حکومتی کی خارجہ پالیسی ناکام ہوچکی ہے ۔گزشتہ روز کوئٹہ میں آزادی کشمیر اور بلوچستان کے حقوق کیلئے عوامی مارچ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر پاکستان کی نظریاتی ، جغر فیائی اورمعاشی شہ رگ ہے ۔کشمیریوں سے غداری کرنیوالوں کو پاکستان میں قبر کی جگہ بھی نہیں ملے گی۔ وزیراعظم نے کشمیر کے مسئلہ پر ایک بار بھی تمام سیاسی قیادت کو بلا کر مشترکہ لائحہ عمل طے کر نے کی زحمت نہیں کی۔ وزیر اعظم عمران خان نے آزادکشمیرمیں کہاکہ ہم کشمیریوں کیلئے ہر حد تک جانے کیلئے تیار ہیں ، مگر وہ ایل او سی پر جانے کو تیار نہیں ۔ وزیر اعظم سے کہتاہوں کہ قوم اب آپکی باتیں سننے کیلئے تیار نہیں بلکہ عملی اقدام چاہتی ہے ۔ مقبوضہ کشمیرمیں بدستور کرفیو نافذ ہے ، نہتے کشمیریوں کو بھارت نے کئی ہفتے سے یرغمال بنارکھاہے ، مساجدتک میں نہیں جاسکے ۔جماعت اسلامی 20 ستمبر کو سرگودھا ، 27کو مظفر آباد اور 6 اکتوبر کو لاہور میں کشمیر بچاؤ مارچ کریگی ۔نااہل اور ناکام حکومت کو 50سال بھی حکمرانی دی جائے تو وہ کارکردگی نہیں دکھا سکتی۔ وزیراعظم نے کہا تھا کہ میں 100دن میں کارکردگی دیکھائونگاپھر کہا کہ 6ماہ دیں اور اب کہہ رہے ہیں کہ 5سال بعد کارکردگی کا پوچھیں۔ تبدیلی کی طرح احتساب کا نعرہ بھی کھوکھلا ہوچکا ۔ ٹرانسپیرنسی انٹر نیشنل کہتی ہے کہ کرپشن پہلے سے بڑھ چکی ۔ نیب کی کاروائیاں بھی ایک مخصوص علاقے تک محدود ہیں۔ آج تک بلوچستان سے کسی ایک کرپٹ کو بھی نہیں پکڑا گیا ۔ بلوچستان میں سب سے زیادہ کرپشن ہے او ر یہ کرپشن حکمران کر رہے ہیں ۔ بلوچستان کے عوام سے وعدہ کرتے ہیں کہ جماعت اسلامی اقتدار کے ایوانوں میں ان کیلئے آواز اٹھاتی رہیگی ۔اس موقع پر جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مولانا عبدالحق ہاشمی ،صوبائی جنرل سیکرٹری ہدایت الرحمٰن،صوبائی نائب امیر بشیر احمد ماندائی ، جماعت اسلامی یوتھ کے امیر زبیر احمد گوندل ،جماعت اسلامی ضلع کوئٹہ کے امیر حافظ نور علی، نائب امیر زاہد اختر، ڈاکٹر عطاء الرحمٰن اور و یگر نے بھی خطاب کیا۔