لاہور، اسلام آباد (کامرس رپورٹر،سپورٹس رپورٹر،این این آئی)ایف بی آر نے کروڑوں روپے کے اثاثے چھپانے پر قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی محمد حفیظ کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا ۔ایف بی آر حکام کے مطابق کرکٹر محمد حفیظ کا گزشتہ پانچ سال 2014 سے سال 2018 تک کا آڈٹ کیا جا رہا ہے ، محمد حفیظ کی تمام بینکوں سے تفصیلات بھی طلب کرلیں ہیں۔حکام کے مطابق کرکٹر محمد حفیظ نے تقریباً 17 کروڑ روپے مالیت کے اثاثے ایف بی آر کو ظاہر نہیں کیے ، ایف بی آر نے محمد حفیظ سے اثاثے چھپانے پر جواب طلب کر لیا ہے ۔ا س حوالے سے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے محمد حفیظ نے کہا کہ وہ ایف بی آر کے نوٹس سے لا علم ہیں اور نہیں معلوم کہ ایسی خبریں کیوں پھیلائی جا رہی ہیں، ہر سال باقاعدگی سے ٹیکس ریٹرنز جمع کراتا ہوں، وکیل کے ذریعے ایف بی آر کو نوٹس اور کاپیاں بھجوائیں گے ۔ ایف بی آر نے محمد حفیظ کو جواب جمع کرانے کی 15 روز کی مہلت دی ہے ۔