کراچی(سٹاف رپورٹر)پیپلزپارٹی کے چئرمین بلاول بھٹوزرداری نے کہاہے کہ پاکستان کی اکثریتی مسلمان آبادی اقلیتوں کے حقوق کی محافظ ہے ۔1973 کا آئین ان کے حقوق کی ٹھوس ضمانت دیتا ہے اورپاکستان پیپلز پارٹی ان کی امنگوں کی واحد ترجمان اوروکیل ہے ۔اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پرجاری اپنے بیان میں پی پی پی چیئرمین نے کہاکہ سفید رنگ کے بغیر پاکستان کا وہ سبزہلالی پرچم مکمل نہیں ہوسکتا،جس کی توثیق بابائے قوم محمد علی جناح نے کی تھی۔ یہ پرچم ہمارے اعلیٰ معاشرتی اقدار،انسانیت پرورنظریاتی بنیاداور قومی اتحاد کی علامت ہے ۔انہوں نے کہا کہ پی پی پی ملک کی وہ واحد جماعت ہے جس نے نہ صرف اقلیت سے تعلق رکھنے والے کارکنان کو جنرل نشستوں پر ٹکٹ دیے ،جس میں دو سینیٹرز، ایک ایم این اے ، دو ایم پی ایز جبکہ چئیرمین و وائس چئیرمین اور ٹاون کمیٹیوں میں بھی اقلیت سے تعلق رکھنے والے منتخب کارکنان کی تعداد درجن کے قریب ہے ۔بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ فقط ہماری جماعت کا طرہ امتیاز ہے کہ سینیٹ سے لے کرصوبائی اسیمبلیوں تک اقلیتی رہنماوَں کوجنرل نشستوں پر منتخب ہونے اور انہیں قائدانہ کردار ادا کرنے کے لیے میدان میسر کیا ہے ۔