کراچی(کامرس رپورٹر)کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ( کے سی سی آئی ) کے صدر آغا شہاب احمد خان نے امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے ) ودیگرآزاد اندازوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں رواں مالی سال میں کپاس کی پیداوار میں 19فیصد کمی کا امکان ہے ۔مالی سال2020 کے دوران کپاس کی پیداوار تقریباً 8ملین گانٹھوں تک محدود رہنے کی وجہ سے ٹیکسٹائل شعبے کی برآمدات پر برے اثرات مرتب ہوں گے کیونکہ کپاس اس سیکٹر کا اہم خام مال ہے ۔ایک بیان میں کے سی سی آئی کے صدر نے کہاکہ مالی سال 2018میں کپاس کی گانٹھوں کی پیداوار11.946ملین رہی جو مالی سال2019میں 17.5فیصد کم ہوکر9.861ملین گانٹھوں تک رہ گئی اور مالی سال2020میں تقریباً19فیصد کمی کے خدشات ہیں لہٰذا کپاس کی ممکنہ قلت کی وجہ سے ٹیکسٹائل سیکٹر کی کارکردگی بری طرح متاثر ہوگی جو برآمدات کے اعدادوشمار میں بھی نظر آئے گی کیونکہ پاکستان کی مجموعی برآمدات کا دارومدار اس شعبے پر ہے ۔