Common frontend top

آزادی اظہار کو ذاتی مقاصد کیلئے استعمال کیا جارہا: وزیراعظم حکومت کا خصوصی میڈیا ٹربیونلز بنانے کا اعلان

بدھ 18  ستمبر 2019ء





اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) وفاقی حکومت نے مریم نوازسے متعلق الیکشن کمیشن کافیصلہ چیلنج کرنے فیصلہ کیا ہے ،میڈیا کے حوالے سے شکایات سننے کیلئے خصوصی میڈیا ٹریبونلز بنائے جائیں گے ، ٹریبونلز کی نگرانی اعلیٰ عدلیہ کرے گی، کابینہ نے بے نامی ایکٹ کے تحت خصوصی بینچ بنانے کی منظوری دے دی، محکمہ موسمیات کے ملازمین پر لازمی سروس ایکٹ لاگو کرنے اور سول سروس ملازمین کیلئے پرفارمنس مینجمنٹ سسٹم لانے کی بھی منظوری دے دی گئی،وزیراعظم نے ملک بھر میں سرکاری زمینوں کے حوالے سے اعداد و شمار اکٹھا کرنے ، ڈینگی سے بچاؤ کیلئے صوبوں کو ممکنہ اقدامات کرنے اوردودھ سمیت غذائی اشیا میں ملاوٹ کی روک تھام کیلئے اقدامات کرنے کے لئے ہدایات جاری کردیں ۔ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے بتایا وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت کابینہ اجلاس میں 19 نکاتی ایجنڈے پر تبادلہ خیال کیاگیا ، اجلاس کے آغاز میں کابینہ نے اس امر پر نہایت تشویش کا اظہار کیا کہ بعض عناصر کی جانب سے آزادی اظہار کی آڑ میں حکومتی اعلیٰ شخصیات پر بغیر کسی ثبوت اور شواہد الزامات لگائے جا رہے ہیں، وزیر اعظم اور وزرا کی نجی زندگیوں کو بے بنیاد پراپیگنڈے کا نشانہ بنایا جاتا ہے ۔ وزیرِاعظم نے اس امر پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا مثبت تنقید کسی بھی معاشرے کی بہتری اور خصوصاً حکومت کی کارکردگی کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے لیکن بعض عناصر کی جانب سے آزادی اظہارکو ذاتی مقاصد کی تکمیل کے لئے استعمال کیا جارہا ہے ۔ وزیرِ اعظم نے کہا حکومتی پالیسیوں کی کامیابیوں کے لئے عوام کا اعتماد نہایت ضروری ہے ، اس اعتماد کو ٹھیس پہنچانے کے لئے بعض عناصر کی جانب سے جان بوجھ کر گمراہ کن معلومات پھیلائی جا رہی ہیں اور اس ضمن میں بدقسمتی سے میڈیا کوآلہ کار بنایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا میڈیا کے غلط استعمال کو روکنے کے لئے متعلقہ قوانین میں بین الاقوامی سطح پر رائج قوانین کی طرز پر اصلاحات کی جائیں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ میڈیا مفاد پرست عناصرکے ہاتھوں آلہ کار نہ بن سکے ۔وزیراعظم نے اس بات پر بھی تشویش کا اظہار کیا کہ میڈیا سے متعلق کوڈ آف کنڈکٹ پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے حوالے سے متعلقہ ادارے مثلاً پیمرا وغیرہ بعض وجوہات کی بنیاد پر اپنا کردار موثر طریقے سے ادا نہیں کر پا رہے ۔ وزیرِ اعظم نے کہا ان وجوہات کا جائزہ لیکر اس حوالے سے موثر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے ۔معاون خصوصی نے بتایا میڈیا کو ذمہ دار بنانے اور میڈیا کے شفاف کردار کو فعال بنانے اور احتسابی عمل کا آغاز کیا جارہا ہے ، اس کے لئے حکومت نے خصوصی میڈیا ٹربیونلز بنانے کا فیصلہ کیا ہے ، میڈیا کے حوالے سے جو بھی شکایت ہے ، وہ عدلیہ کے ماتحت میڈیا ٹربیونل سنے گا، اگر میڈیا کسی پر الزام لگاتا ہے ، وہ معاملہ میڈیا ٹربیونلز دیکھیں گے اور میڈیا ٹربیونل 90 روزمیں فیصلہ کرنے کا پابند ہوگا، میڈیا ٹربیونلز کی نگرانی اعلیٰ عدلیہ کرے گی۔ انہوں نے کہا ذوالفقار بھٹہ کیس میں سپریم کورٹ قرار دے چکی ہے کہ سزایافتہ شخص پارٹی عہدہ نہیں رکھ سکتا۔معاون خصوصی نے کہا الیکشن کمیشن کی جانب سے مسلم لیگ (ن) کی سزایافتہ رہنماء مریم نواز کے خلاف تحریک انصاف کی اپیل خارج ہونے پر کابینہ اجلاس میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جس میں یہ فیصلہ کیاگیا کہ حکومت مریم نواز کی نائب صدارت برقرار رکھنے کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کرے گی، الیکشن کمیشن کا فیصلہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی ہے ۔معاون خصوصی نے کہا وزیراعظم عمران خان نے کابینہ کو مجوزہ دورہ امریکہ پر اعتماد میں لیا، وزیراعظم کشمیریوں کے سفیر بن کرامریکہ جا رہے ہیں، اپنے دورے میں اہم رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے ۔معاون خصوصی نے کہاکہ کابینہ اجلاس میں وزارت صحت کی جانب سے بتایا گیا کہ خواجہ سراؤں کیلئے بھی ہیلتھ کارڈ جاری کئے جا رہے ہیں۔ فردو س عاشق اعوان نے کہا وزارت اطلاعات و نشریات ملک بھر کے بڑے ہسپتالوں میں انفارمیشن سنٹر بنائیگی۔انہوں نے کہا احساس پروگرام کی معاونت سے ہر ضلع میں ’’مسکن‘‘کے نام سے بے آسرا عمر رسیدہ افراد کے لئے شیلٹر ہوم بنائے جائیں گے ۔کابینہ نے سی پیک منصوبے کے تحت مختلف منصوبوں پر کام کرنے والے چینی شہریوں کے وزٹ ویزوں کو بزنس ویزوں میں تبدیل کرنے کی منظوری دی ،کابینہ نے ای سی سی فیصلوں کی توثیق بھی کی۔معاون خصوصی اطلاعات نے بتایا وزیراعظم نے مختلف وزارتوں میں خالی آسامیوں کو مقررہ وقت میں پر کرنے کی ہدایت کی جبکہ کابینہ نے کیڈر اور نان کیڈر ملازمین کی تربیت کیلئے مجوزہ اصلاحات کی منظوری دی ،کابینہ نے نئی گاڑیوں پر پریمیم کے خاتمے کی بھی منظوری دی ،کابینہ نے اصلاحات ایکٹ کے مسودے کی منظوری دی۔ڈاکٹر فردو س عاشق اعوان نے کہا کابینہ اجلاس میں ریلوے بورڈ میں پرائیویٹ ممبرکی تعیناتی کی منظوری دی گئی جبکہ وزیراعظم نے ملک بھر میں سرکاری زمینوں کے حوالے سے اعداد و شمار اکٹھا کرنے کی ہدایت کی۔ عوام کی فلاح و بہبود کی غرض سے اٹھائے جانے والے اقدامات پر بات کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے ملاوٹ کے خلاف ملک گیر مہم کے آغاز کا اعلان کیا۔ وزیرِ اعظم عمران خان نے ہدایت کی کہ وفاقی دارالحکومت میں کھوکھا مالکان اور ٹھیلے والوں کو متبادل جگہ کی فراہمی کے کام کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے ۔معاون خصوصی نے بتایا کابینہ نے پاکستان ٹوبیکو بورڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تنظیم نو،پاکستان الائیڈ ہیلتھ پروفیشنل اینڈ پیرامیڈکس کونسل ایکٹ ، پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز اسلام آباد ریفارمز ایکٹ 2019کے مسودے کی بھی منظوری دی۔معاون خصوصی نے بتایا کابینہ نے بے نامی ٹرانزیکشن کی روک تھام کے قانون کے تحت مختلف کیسز کو حل کرنے کے لئے بینچز تشکیل دینے کی منظوری دی ہے ۔فردوس عاشق اعوان نے کہا وزیراعظم عمران خان 22 کروڑ عوام کے لئے پریشان ہیں جبکہ مولانا فضل الرحمٰن وزراء کالونی میں 22 نمبر کے بنگلے کے لئے پریشان ہیں جس میں وہ گزشتہ 10 سال بطور چیئرمین کشمیر کمیٹی رہائش پذیر رہے ہیں۔انہوں نے کہا جو آج مسئلہ کشمیر کو نظر انداز کرے گا ،وہ سیاسی افق سے ہمیشہ کے لئے غائب ہوجائے گا ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا نواز شریف ، آصف زرداری اور حکومت کے مابین ڈیل کی افواہیں پھیلانے والے مایوس ہوں گے ، حکومت کسی کرپٹ سیاست دان کے ساتھ ڈیل نہیں کرے گی ۔

 

 



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں










اہم خبریں