Common frontend top

اقوام متحدہ بھارتی مظالم کا نوٹس لے :پاکستان مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کوشاں ہیں:صدرجنرل اسمبلی

هفته 19 جنوری 2019ء





اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر،سپیشل رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک)اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی صدرماریہ فرنینڈا اسپنوزا نے کہا ہے اقوام متحدہ اپنے مینڈیٹ میںرہ کر مسئلہ کشمیر حل کرنے کیلئے کوشاں ہے ، افغان امن عمل میں پاکستان کا اہم کردار ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے صدرعارف علوی، وزیراعظم عمران خان، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات اور پریس کانفرنس میںکیا ۔ مانیٹرنگ ڈیسک کے مطابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم وتشدد کا نوٹس لینا چاہیے ،یو این گستاخانہ خاکوں کی روک تھام کے حوالے سے کردار ادا کرے ، وزیراعظم نے بین المذاہب ہم آہنگی کی ضرورت پر بھی زور دیا۔وزیراعظم نے بتایاکہ نوجوان کیلئے ملازمتوں اورغربت کے خاتمے کاپروگرام شروع کررہے ہیں،50لاکھ گھراوربلین ٹری سونامی حکومت کے منصوبوں میں شامل ہے ۔ عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کررہاہے ،اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کی جون2018کی رپورٹ موجودہے ۔صدرجنرل اسمبلی نے صدرعارف علوی سے بھی ملاقات کی اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ صدرمملکت نے مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے پر زوردیتے ہوئے کہا کہ امید ہے آپ کے دور میں ہی مسئلہ کشمیر حل ہو گا۔ ماریہ فرنینڈا نے افغان امن عمل میں پاکستان کی کوششیں قابل تعریف قراردیں۔صدر جنرل اسمبلی نے وزیر خارجہ سے ملاقات میںدو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا۔ بعد ازاںماریا کا شاہ محمود قریشی کے ساتھ پریس کانفرنس میںکہنا تھا کہ لاکھوں افغان مہاجرین کو پناہ دینے پر پاکستان کو مبارکباد پیش کی جانی چاہیے ۔جنرل اسمبلی کی صدر نے افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مسئلے کے حل کیلئے پاکستان کا اہم کردار ہے ، پرامن افغانستان پورے خطے کے مفاد میںہے ۔ انہوںنے ایک سوال پر کہا کہ بطور صدر جنرل اسمبلی کشمیر میں امن کیلئے کوششیں کر رہی ہوں، انسانی حقوق کا احترام کیا جانا چاہیے ۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر سمیت دیگر اہم معاملات پر بات ہوئی ،پاکستان پرامن ملک ہے اور ہمسایوں کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتاہے ۔انہوںنے کہا کہ کشمیر بین الاقوامی سطح پر متنازعہ مسئلہ ہے ،پاکستان ہر سطح پر کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر آواز اٹھاتا رہا ہے اور رہیںگے ۔ماریا فرنینڈا نے چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ڈاکٹر ثانیہ نشتر سے بھی ملاقات کی۔ 

 

 



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں










اہم خبریں