مظفر آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،نیٹ نیوز ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کان کھول کر سن لے ، ایک دفعہ جنگ ہوئی تو آخری دم تک مقابلہ کرینگے ، اینٹ کا جواب پتھر سے دینگے ،مجھے پتہ ہے کہ کشمیری بھارتی جارحیت کے خلاف لڑنا اور ہتھیار اٹھا کر لائن آف کنٹرول پار کرنا چاہتے ہیں لیکن جب تک میں نہ کہوں لائن آف کنٹرول کی طرف نہ جانا، پہلے مجھے کشمیر کا کیس دنیا کو بتانے دو،دنیا ہندوستان کے ہٹلر کو روکے ۔ مظفر آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بھارتی وزیراعظم کو پیغام دیا کہ ایمان والا آدمی موت سے نہیں ڈرتا، عالمی برادری مودی کو کشمیریوں پر ظلم سے روکے ، کرفیو ہٹائے اور اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کیلئے ریفرنڈم کرائے ۔انہوں نے کہا کہ وہ کشمیر کے سفیر ہیں اور کشمیر کیلئے اس طرح کھڑے رہیں گے جیسے ماضی میں کوئی نہیں کھڑا ہوا ہوگا، کشمیر کا معاملہ جنرل اسمبلی میں اٹھائیں گے ،مودی کشمیریوں پر جتنا بھی ظلم کر لے وہ کبھی کامیاب نہیں ہو گا، 40 دنوں سے کشمیری، بھائی، بہنیں ، بچے محصور ہیں، بطور سفیر دنیا بھر میں جاؤں گا اور کشمیر کا معاملہ اٹھاؤں گا، مودی کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ ایک بزدل انسان صرف ایسا ظلم کرتا ہے جو آج کشمیریوں پر بھارتی فوج کر رہی ہے ، جس میں انسانیت ہوتی ہے وہ کبھی ایسا نہیں کر سکتا،مودی کشمیریوں پر جتنا مرضی ظلم کر لے کبھی کامیاب نہیں ہو گا کیونکہ عوام انکے ساتھ نہیں ہیں، سب کو پتہ ہونا چاہیے مودی بچپن سے آر ایس ایس کا ممبر ہے ، دنیا کے 58 ممالک نے پاکستانی مؤقف کی تائید کی کہ کشمیر یوں پر ظلم ہو رہا ہے ، 50 سال میں پہلی بار کشمیر کا مسئلہ سلامتی کونسل میں اٹھا، او آئی سی نے بھی بھارت سے کرفیو اٹھانے کا مطالبہ کیا، امریکی سینیٹرز نے صدر ٹرمپ کو خط لکھا ہے ، جنرل اسمبلی کے اجلاس میں کشمیریوں کو مایوس نہیں کرونگا ، کشمیریوں کیلئے ایسا سٹینڈ لوں گا جو آج تک کسی نے بھی نہیں لیا،بین الاقوامی میڈیا پر کشمیریوں سے متعلق بات کروں گا ، دنیا کو بتاؤں گا کہ کشمیر میں جو کچھ ہو رہا ہے یہ آر ایس ایس کے نظریے پر ہو رہا ہے ، ہم نے بھارتی پائلٹ کو اس لیے رہا کیا تھا کیونکہ ہم امن چاہتے ہیں لیکن بھارت میں بتایا گیا کہ پاکستان ڈر گیا ہے ، مودی کان کھول کر سن لو، ایمان والوں کو موت سے ڈر نہیں لگتا، یہ وہ قوم ہے جو آخری سانس تک لڑنا جانتی ہے ، کشمیریوں کو اپنے فیصلے کرنے کا حق حاصل ہے ، کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے ۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مودی ہمت ہے تو کشمیر سے کرفیو اٹھاؤ اور تماشہ دیکھو، میں چیلنج کرکے پوچھنا چاہتا ہوں کہ مودی کیا تم مقبوضہ کشمیر کے دارالحکومت میں کشمیریوں سے خطاب کرسکتے ہو؟ ۔ وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ پاکستان بھارت کے دو طرفہ مذاکرات کے جال میں نہ پھنسے ،مذاکرات کا مقصد کشمیر پر سٹیٹس کو برقرار رکھنا ہے ،شاہد آفریدی نے کہا کہ میں کشمیر کے ساتھ ہوں میں ہر ظالم کے خلاف اور مظلوم کے ساتھ ہوں۔ ہمایوں سعید نے کہا کہ ہم آج کشمیری بھائیوں کیلئے جمع ہوئے اور وہ جس تکلیف میں مبتلا ہیں انہیں اس تکلیف سے نجات دلائیں گے ۔ جاوید شیخ نے کہا کہ ہم تمام فنکار کشمیر کی محبت میں یہاں موجود ہیں اور ہمیشہ کشمیریوں کا ساتھ دیں گے ،جلسہ گاہ میں پاکستان ، آزاد کشمیر کا قومی ترانہ پڑھا گیا، بھارت کے خلاف نعرے بازی کی گئی،کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے وفاقی وزرا ، فنکاروں ،کھلاڑیوں نے بھر پور شرکت کی ،شاہد آفریدی، جاوید شیخ، ہمایوں سعید، فاخر، شہزاد رائے ،مایاعلی،ساحرعلی بگا،حریم فاروق ودیگربھی موجود تھے ،۔گلوکار فاخر نے ’’ انڈیا جاجا کشمیر سے نکل جا ‘‘سنایا جبکہ ملی نغموں نے دل گرما دئیے ۔جلسے میں ہزاروں افراد نے شرکت کی ۔