لاہور(سپورٹس رپورٹر) جنوبی افریقہ اور انگلینڈ کے بعد اب نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے امکانات بھی روشن ہو نے لگے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ نے پاکستان کا جوابی دورہ کرنے پر سنجیدگی سے غور شروع کردیا ہے ۔ذرائع کے مطابق نیوزی لینڈ کرکٹ نے اگر پاکستان کا دورہ کیا تو یہ اس کا 18 سال بعد پہلا ٹور ہوگا۔کیوی ٹیم نے فیوچر ٹور پروگرام کے تحت آئندہ سال پاکستان کا دورہ کرنا ہے ۔نیوزی لینڈ کرکٹ پبلک افیئر کے منیجر رچرڈ بوک کے مطابق ٹیم کا ٹور پاکستان کنفرم ہے لیکن وینیوز پر حتمی فیصلہ نہیں ہوا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ٹیم نیوزی لینڈ کو پاکستان بھیجنے پر کھلے ذہن کے ساتھ سوچ رہے ہیں۔نیوزی لینڈ کی ٹیم نے پاکستان کا آخری دورہ 2003ء میں کیا تھا جبکہ 2018ء میں 2 ٹی20 میچز پاکستان میں کھیلنے سے انکار کرچکا ہے ۔یاد رہے کہ پاکستان میں کرکٹ کی بحالی کے بعد سری لنکا، بنگلہ دیش اور زمباوے کی ٹیمیں دورہ کر چکی ہیں جبکہ جنوبی افریقہ اور انگلینڈ کی جانب سے بھی دورہ پاکستان کا اعلان کیاجا چکا ہے اور اب نیوزی لینڈ کی جانب سے بھی دورہ پاکستان کی بات سامنے آ گئی ہے ۔