کراچی(رپورٹ:ایس ایم امین)ملک میں کروناوائرس کی کمیونٹی سپریڈنگ کے کیس سامنے آنے پرطبی ماہرین نے حکومت کو14 روزکیلئے لاک ڈاؤن کی تجویزدیدی ہے ،کوروناوائرس سے لڑنے کاواحدحل آئسولیشن قراردیئے جانے اورلاک ڈاؤن کی تجویزپر عملدرآمدکے معاملے پروفاق اورصوبوں میں اتفاق رائے نہیں ہوسکا۔معتمدترین ذرائع کاکہناہے کہ طبی ماہرین کی لاک ڈاؤن کی تجویز پروفاقی حکومت اوربعض صوبوں میں اتفاق رائے نہیں ہوسکا،جس کے باعث وفاقی حکومت نے معاملہ ایک ہفتے کیلئے مؤخرکردیاہے ۔ذرائع کاکہناہے کہ وزیراعظم اوربعض حکومتی شخصیات کاموقف ہے کہ ایساکوئی اقدام نہیں کرنا کہ افراتفری پھیل جائے ،وفاق نے فی الحال لاک ڈاؤن نہ کرنے اورمعاملے پرغیرملکی طبی ماہرین بالخصوص چین اوردیگرممالک کے اقدامات سے استفادہ کافیصلہ کیاہے ۔طبی ماہرین نے ملک کے مختلف شہروں میں کروناوائرس کی کمیونٹی سپریڈنگ کے کیس سامنے آنے کوانتہائی خطرناک قراردیاہے ۔