لاہور، بوریوالا، کراچی، اسلام آبا د، نواب شاہ (خصوصی نمائندہ، تحصیل رپورٹر، سٹاف رپورٹر، وقائع نگار خصوصی، بیورو رپورٹ ، نیوز ایجنسیاں ) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے مخصوص سیاسی جماعتوں اور اتحادی کی سہولت کاری کر کے انتخابات کو متنازعہ نہیں بنانا چاہیے ۔ کراچی روانگی سے قبل بلاول ہائوس لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا پاکستان میں نفرت کی سیاست نہیں چلے گی ،اس کے ذریعے ایک انتخاب تو جیتا جا سکتا ہے لیکن طویل المدت دیکھا جائے تو یہ ملک کے لئے نقصان دہ ہوگا ۔ پنجاب میں میرے نکلنے سے مثبت سیاست کی امید پیدا ہوئی ہے ۔ مسلم لیگ (ن) کی تاریخ اور عادت ہے یہ الیکشن نہیں سلیکشن چاہتے ہیں ۔ گگو منڈی میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے بلاول نے کہا پیپلز پارٹی نے مشکل سے مشکل وقت میں بھی جمہوری سوچ اور روایات کو پروان چڑھایا ہے اور اس کے خلاف ہر دور میں اتحاد قائم ہوئے ہیں لیکن عوام نے پیپلز پارٹی کو پذیرائی بخشی ہے ، عوام جمہوریت کی بحالی کے لیے پیپلز پارٹی کو ووٹ دیں۔ ایک بیان میں بلاول نے کہا گلگت بلتستان کے ضلع دیامیر اور دیگر علاقوں میں گلیشیئرز تیزی سے پگھلنے کے نتیجے میں ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کے باعث علاقوں میں محصور ہزاروں بے یارو مددگار متاثرین کی کے لیے فوری طور امدادی کاروائیاں شروع کی جائیں۔ علاوہ ازیں موسم کی خرابی کی وجہ سے بلاول کی کراچی میں انتخابی ریلی کا پروگرام منسوخ کردیا گیا، بلاول کے طیارے کو لاہور سے ٹیک آف کی اجازت نہ ملی ۔رات گئے بلاول پی آئی اے کی پرواز پی کے 307سے آٹھ گھنٹے تاخیر سے کراچی پہنچ گئے ۔ دریں اثنا سابق صدر آصف زرداری نے پنجاب کے عوام سے اظہار تشکر کے بیان میں کہا ہے بلاول کے شاندار استقبال نے ثابت کر دیا کہ پیپلزپارٹی پنجاب کے کارکن اس طرح متحرک رہے تو فتح بھٹو شہید کی ہو گی۔ پنجاب میں بھٹو کے نعروں کی گونج ہماری فتح کا پیغام ہے ۔ بلاول کے استقبال سے پیپلزپارٹی کے مخالفین کی نیندیں اڑ گئیں ہیں۔ زرداری نے ملتان میں پیپلزپارٹی کے امیدوار علی موسیٰ گیلانی پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا مخالفین شکست کے خوف سے اس طرح کی حرکتیں کر رہے ہیں۔ الیکشن کمیشن اور نگران حکومت کارروائی کرے ۔ دوسری طرف زرداری کراچی سے خصوصی طیارے کے زریعے نواب شاہ پہنچ گئے ، زرداری اپنی انتخابی مہم کے سلسلے میں علاقے کی ناراض برادریوں کے معززین سے ملاقات کریں گے ۔ بلاول بھٹو زرداری نے لیاری کے علاقے چاکیواڑہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرا اور آپ کا رشتہ قربانی ، نسلوں اور وفاداری کا ہے ۔ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ غریب عوام کیلئے کام کیا ۔ میں کراچی اور پاکستان کی سیاست سے نفرت ختم کرنے آیا ہوں ۔ عوام جھوٹے الزامات نہیں سننا چاہتے بلکہ اپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں۔