فیصل آباد، پشاور، مینگورہ (سپیشل رپورٹر، نیوز رپورٹر، نمائندہ 92نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک) مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجا ب کی نگران حکومت تحریک انصاف کو سپورٹ کر رہی ہے اور انہی کے احکامات پر ناچ رہی ہے ، ہمارے الیکٹیبلز توڑے گئے ، (ن) لیگ کو دیوار سے لگانے کیلئے کارروائیاں کی جا رہی ہیں، ہماری نیب میں پیشیاں ہو رہی ہیں اور کچھ لوگ آرام سے کیک ،پیسٹریاں کھا رہے ہیں، نیب جج کے مطابق نوازشریف نے کوئی کرپشن نہیں کی،نوازشریف اور اس کی بیٹی مریم کو اڈیالہ جیل میں ڈال دیا گیا، کرپشن کرنے والے پی ٹی آئی کے اندر بیٹھے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے رات گئے فیصل آباد میں جلسے اور اس سے قبل پشاور میں پریس کانفرنس، مینگورہ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سلیمی چوک فیصل آباد میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کوئی بھی ہمارے خلاف کرپشن کا ثبوت نہیں دے سکا، 26جولائی کا سورج ن لیگ کی جیت کی نوید لے کر طلوع ہوگا، ہمارے کارکنوں پر نیب کے ذریعے دبائو ڈالا جارہا ہے ، ن لیگ نے عوام کو سستی بجلی فراہم کی، عمران خان نے خیبر پختونخوا کو تباہ کردیا، ن لیگ نے دانش سکول بنائے ، ہسپتال بنائے اور عوام کو سہولیات فراہم کیں، جب پشاور میں ڈینگی آیا تو عمران خان پہاڑوں پر چڑ ھ گئے اور کہنے لگے جب سردی آئے گی تو ڈینگی خود ہی ختم ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا عمران خان نے خیبر پختونخوا میں کوئی کام نہیں کیا ، ن لیگ کے دور میں 11ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں داخل ہوئی، کے پی کے میں منفی 8میگاواٹ بجلی پیدا ہوئی، ہم نے کسانوں کو کھادوں اور بیج پر سبسڈی دی، ترقیاتی کام کرنا گناہ ہے تو کرتے ر ہیں گے ، عمران خان صرف جھوٹ بولتا ہے وہ کہتا ہے کہ پورے ملک کو بجلی دینگے ،عمران عام آدمی سے ہاتھ ملانا پسند نہیں کرتے ، ہم پاکستان کو عظیم ملک بنائینگے ، اسے ترکی اور ملائیشیا بنائینگے ۔ شہبازشریف نے کہا اگر خدا نے مجھے موقع دیا تو میں آپ کو گواہ بناتا ہوں کہ ہندوستان سے آگے نکل کر دکھائوں گا ورنہ میرا نام شہبازشریف نہیں، نوازشریف نے ملک کو اندھیروں سے سے نکالا، جب کرپشن نہیں کی تو پھر جیل میں کیوں ڈالا گیا۔ انہوں نے کہا آئندہ انتخابات میں کامیابی کی صورت میں فیصل آباد میں آئی ٹی یونیورسٹی اور دس ماہ میں میٹروبس چلانے کا اعلان کیا اور کہا فیصل آباد کو لاہور جیسا خوبصورت شہر بنا دوں گا۔ انہوں نے کہا نیب پنجاب میں ہر چیز کا نوٹس لیتا ہے لیکن اس نے پشاور میں چالیس ارب روپے کا فراڈ نہیں پکڑا کیونکہ عمران خان لاڈلا ہے ۔انہوں نے اہل فیصل آباد سے اپیل کی کہ وہ حلقوں میں نہ آنے والے ن لیگی امیدواروں کو معاف کردیں اور پچیس جولائی کو شیر پر مہر لگا کر مخالفین کی سیاست کو دفن کردیں۔ قبل ازیں پشاور میں ہارون بلور کے اہل خانہ سے تعزیت کے بعد امیر مقام کی رہائش گاہ پر پریس کانفر نس اور سوات میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا نوازشریف اور مریم کی وطن واپسی پر لاہورمیں عوام کا سمندر امڈ آیا تھا جو اپنے قائد سے محبت کا منہ بولتا ثبوت ہے ،ہزاروں کارکن نواز شریف کے استقبال کیلئے نکلے لیکن ایک گملا نہیں ٹوٹا، ٹرک کی لائٹ کو خراش تک نہیں آئی لیکن پھر بھی ہمارے سینکڑوں کارکنوں کو گرفتارکیا گیااور یہ سب پی ٹی آئی کی ایما پر ہوا کیونکہ پنجاب کی نگران حکومت پی ٹی آئی کے اشاروں پر ناچ رہی ہے ،تحریک انصاف اور نگران پنجاب حکومت ن لیگ کیخلاف ایک ہیں۔ انہوں نے کہا ہمیں دیوار سے لگانا کہاں کا انصاف ہے ، رائے عامہ ہمارے حق میں ہے ،ہم الیکشن جیت رہے ہیں، اگر الیکشن شفاف ہوئے تو پنجاب، خیبرپختونخوا اور وفاق میں ہماری حکومت ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ چار، پانچ دنوں میں عمران کے تمام جلسے فلاپ ہو گئے ، عمران کہہ دیں کہ وہ پشاور کو لاہور بنادیں گے تو میں اپنا کیس واپس لے لوں گا،ہم پنجاب میں ایک جھاڑو بھی خریدتے ہیں تو نیب تحقیقات شروع کر دیتا ہے مگر خیبر پختونخوا میں تو سونامی ٹری،بس رپیڈ ٹرانسپورٹ کی کرپشن نہیں نکل رہی جبکہ ٹھیکہ بھی بلیک لسٹ کمپنی کو دیا گیا ۔