Common frontend top

وفاقی کابینہ :ذخیرہ اندوزوں،منافع خوروں کیخلاف سخت ایکشن کی ہدایت

منگل 15 اکتوبر 2019ء





اسلام آباد (سپیشل رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک،صباح نیوز ) وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کااجلاس ہوا جس میں 12نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم نے ذخیرہ اندوزوں،منافع خوروں کیخلاف سخت ایکشن لینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ اشیائے خورونوش کی قیمتیں بڑھانے کی اجازت نہیں دینگے جبکہ زندگی بچانے والی ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ، کابینہ نے زندگی بچانے والی اور دیگر89 ادویات کی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ کرتے ہوئے فوری طورپر متعلقہ وزارت سے سمری طلب کرلی ہے ۔ اجلاس میں قانونی اصلاحات سے متعلق وزارت قانون کا ایجنڈا موخر کردیا گیا۔قانونی اصلاحات میں 6نئے قوانین سے متعلق آرڈیننس کی منظوری شامل تھی۔نئے قوانین کے نفاذ کیلئے آرڈیننس کے نفاذ کی منظوری موخر کی گئی۔وفاقی کابینہ کااجلاس وزیراعظم عمران خان کی صدارت میں ہوا جس میں ای سی سی کے فیصلوں کی توثیق کی گئی ۔کابینہ اجلاس کو اشیا خورونوش کی قیمتوں پر بریفنگ دی گئی۔وزیر اعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اشیا خورونوش کی قیمتیں بڑھانے کی اجازت نہیں دیں گے ۔اجلاس میں ڈاکٹر عصمت طاہرہ کو ایم ڈی نیشنل فرٹیلائزر ،مسعود نقوی کو ممبر ایس ای سی پی پالیسی بورڈ تعینات کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔ لنگر خانوں کے قیام کی پالیسی کی بھی منظوری دی گئی ۔رئیل اسٹیٹ آرڈیننس 2019کے تحت ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام اور ہیلتھ کیئر ریگولیشن ایکٹ 2018کے بورڈ ممبران تعینات کرنے کی منظوری دی گئی۔کابینہ کو اسلام آباد ماسٹر پلان جائزہ کمیشن کی رپورٹ پیش کی گئی۔سی ڈی اے کی تعمیر نو کے پلان کی منظوری بھی دی گئی۔کابینہ کو ملک میں توانائی کی صورتحال پر بھی بریفنگ دی گئی۔متبادل توانائی کا منصوبہ تیارہے ، آئندہ اجلاس میں پیش کیا جائیگا۔وزیر اعظم نے کہا کہ متروکہ وقف املاک کی اراضی کو استعمال میں لانے کا منصوبہ بنائیں۔زندگی بچانے والی ادویات کی مناسب فراہمی کو یقینی بنایا جائے ۔ کابینہ نے زندگی بچانے اور دیگر89 ادویات کی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ کرتے ہوئے فوری طورپر متعلقہ وزارت سے سمری طلب کرلی ہے ۔قبل ازیں کابینہ اجلاس کے آغاز میں وزیر اعظم نے کابینہ کو دورہ چین کے حوالے سے بریفنگ دی ۔وزیر اعظم نے کہا کہ چین کا دورہ توقع سے زیادہ کامیاب رہا ، چین کے ساتھ مقبوضہ کشمیر، علاقائی سلامتی اور ملکی معیشت پر بات چیت ہوئی۔وزیر اعظم نے ایران سعودی عرب کشیدگی کم کرنے کے تناظر میں پاکستان کے کردار پر بھی کابینہ کواعتماد میں لیا ۔ کابینہ نے اس موقع پرنیب ترمیمی آرڈیننسز کا جائزہ لینے کیلئے کمیٹی قائم کردی جبکہ چھ آرڈیننسز کو آئندہ اجلاس میں پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے میڈیا کو بریفنگ میں کہا کہ وزیراعظم نے ذخیرہ اندوزوں اورمنافع خوروں کے خلاف سخت ایکشن کی ہدایت کی۔وزیراعظم نے وزرائے اعلیٰ کااجلاس جمعہ کوطلب کیاہے جس میں بنیادی اشیاکی قیمتیں مستحکم کرنے سے متعلق غورکیاجائے گا۔کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔ فردوس عاشق اعوان نے مزید کہاہے کہ مال بچاؤ پارٹیوں نے مال بچانے کا ٹھیکا مولانا کو دیدیا ہے ، نوازشریف اور آصف علی زرداری دونوں نے دوربینیں لگا رکھی ہیں ،حکومت کو عوام اور قومی مفاد کی فکر ہے ان تلوں میں کوئی تیل نہیں ،عوام کی پذیرائی ہوتی تو مولانا اسمبلی سے باہر نہ ہوتے ،مسلم لیگ ن اپنے صفوں میں انتشار کی وجہ سے گھبراہٹ کا شکار ہے ،آزادی مارچ کے حوالے سے لائحہ عمل صوبائی حکومتوں کی صوابدید پر چھوڑ دیا ،صوبے اگر وفاق سے مدد مانگین تو ان کی مدد کی جائے گی ،نیب کو سفارشات بھجوائی ہیں کہ وہ بزنس کمیونٹی اور بیوروکریٹس سے متعلق اپنی ترجیحات طے کریں،نیب سے کہا ہے کہ وہ کیا میکنزم ہوسکتا ہے کہ بزنس مینوں بیوروکریٹس سے متعلق کارروائی سے پہلے انہیں ہراساں نہ کیا جائے یہ بھی نہیں چاہتے کہ اگر کوئی کرپشن میں ملوث ہو تو اسے فیور ملے یہ بھی نہیں چاہتے کہ کوئی ہراساں ہو۔کابینہ میں اسلام آباد کے ماسٹر پلان ، سی ڈی اے کی ریسٹرکچرنگ، لنگر خانوں کے قیام کی پالیسی کی بھی منظوری دیدی ،لنگر خانے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت چلائے جائیں گے ۔، وفاقی دارالحکومت میں سفری سہولتوں میں بہتری کے لئے سات لائنوں پر مبنی ماس ٹرانزٹ سسٹم کی تجویز پیش کی گئی، وفاقی دارالحکومت میں سیاحت کے فروغ کے لئے بھی تجاویز پیش کی گئیں جس میں تاریخی عمارات کا تحفظ، بدھ مت کے حوالے سے ہسٹری میوزیم، واٹر سپورٹس، چئیر لفٹ اور سیاحوں کے لئے کیمپنگ سائٹس کا قیام شامل ہے ۔تجاویز میں چار نئے پارک دیہی علاقوں میں بنانے کی تجویز پیش کی گئی ہے ،اسی طرح نالج سٹی کے قیام کی تجویز بھی پیش کی گئی۔ آئی نائن اور آئی ٹین کو ٹیکنالوجی حب میں تبدیل کیا جائے گا۔اس کا مقصد اسلام آباد کو پاکستان کی سب سے زیادہ سمارٹ سٹی میں بدلنا ہے ۔ نالج سٹی کے قیام سے دس لاکھ نوکریاں پیدا ہوں گی، دس ہزار آئی ٹی کمپنیاں کو کاروبار کے مواقع میسر آئیں گے ۔

 

 



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں










اہم خبریں