BN

عالمی سرمایہ کاروں کا پاکستان پر اعتماد بحال؛ معاشی ترقی کے بھرپور امکانات روشن ہورہے : وزیراعظم

جمعه 11 جون 2021ء





اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) وزیر اعظم عمران خان نے کہاہے کہ موجودہ حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں کی بدولت عالمی سرمایہ کار کمپنیوں کا پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے اعتماد بحال ہوا اور مختلف شعبوں میں منافع بخش سرمایہ کاری کے نتیجے میں معاشی ترقی اور روزگار کے بھرپور امکانات روشن ہو رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو کوکا کولا آئسیک کے وفد سے ملاقات میں کیا۔ملاقات میں پاکستان میں ترکی کے سفیر احسان مصطفیٰ یردکل، وزیر برائے صنعت خسرو بختیار، مشیر وزیر اعظم عبدالرزاق داؤد بھی شریک تھے ۔ وزیراعظم نے کوکا کولا آئسیک کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی اور ضلع خیبر پختونخوا میں کمپنی کی جانب سے مجوزہ سرمایہ کاری کو سراہا۔وزیر اعظم نے سرمایہ کاری اور کاروبار میں درپیش رکاوٹوں کو دور کرنے کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ سرمایہ کاروں کو کاروبار کرنے کے لئے آسانیاں فراہم کی جائیں، اس وقت ملک معاشی لحاظ سے استحکام کی طرف جا رہا ہے ، اس استحکام کو برقرار رکھنے اور تیز تر معاشی ترقی کے لئے سرمایہ کاری اہم ترین جزو ہے ۔وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ تمام وفاقی وزارتیں اور صوبائی حکومتیں سرمایہ کاری کو فروغ دیں اور اس ضمن میں طے شدہ اہداف بروقت مکمل کریں۔وزیر اعظم سے وزیر خزانہ شوکت ترین نے ملاقات کی اور پاکستان اکنامک سروے 2020-21 پیش کیا۔وزیراعظم سے پاکستان میں قطر کے سفیر شیخ سعود بن عبدالرحمٰن بن فیصل الثانی بھی ملے ۔ قطری سفیر نے امیر قطر تمیم بن حماد الثانی کی جانب سے وزیراعظم کے لئے نیک خواہشات کا اظہارکیا۔ وزیراعظم نے قطر کے امیر کی جانب سے نیک خواہشات کا خیرمقدم کرتے ہوئے تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں پاک قطر تعلقات کو مزید گہرا کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔وزیر اعظم نے بڑی تعداد میں پاکستانی کارکنوں کی میزبانی میں قطر کے کردار کو بھی سراہا۔انہوں نے کہاپاکستان اور قطر کے درمیان بہترین دو طرفہ سیاسی اور معاشی تعلقات ہیں۔

 

 



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں










اہم خبریں