اسلام آباد ، راولپنڈی (سپیشل رپورٹر ، مانیٹرنگ ڈیسک )آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاہے کہ پاکستان امن و استحکام کی کوششوں میں خطے کے تمام ممالک میں سب سے زیادہ فعال کردار ادا کر رہا ہے ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت 228 ویں کور کمانڈرز کانفرنس جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ہوئی۔ کانفرنس میں جیو سٹریٹجک،قومی و علاقائی سلامتی، سرحدوں، کنٹرول لائن اورمقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران ایران امریکہ تنازع کے تناظر میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور اس کے علاقائی امن اور استحکام پر پڑنے والے ممکنہ اثرات پر غور کیا گیا۔ کانفرنس میں بھارتی عسکری قیادت کے پاکستان کیخلاف باربار جارحیت پر مبنی اشتعال انگیز بیانات کا بھی نوٹس لیا گیا اور انہیں غیرذمہ دارانہ قرار دیا گیا جس کے علاقائی امن واستحکام پر اثرات ہوں گے ۔آرمی چیف نے کہا خطے میں امن و استحکام کے لئے پاکستان تمام ممالک کے مقابلے میں سب سے زیادہ فعال کردار ادا کررہا ہے ۔ مادر وطن کے دفاع اور قومی سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ کئے بغیر اس ضمن میں اپنا مثبت اور ذمہ دارانہ کردار ادا کرتے رہیں گے ۔ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کے مطابق کور کمانڈرز اجلاس کے دوران پاک افغان بارڈر کے قریب داعش کی موجودگی کے حوالے سے بھی صورتحال پر غور کیا گیا۔