لاہور(خصوصی نمائندہ،92نیوز رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ چیف منسٹر انصاف امداد پروگرام کے تحت دیگر مستحق افراد کو بھی کوائف کی تصدیق کے بعد فوری طو رپر مالی امداد دی جائے گی۔پنجاب حکومت کا چیف منسٹر انصاف امداد پروگرام رفتار، معیاراور شفافیت کے حوالے سے اپنی مثال آپ ہے اورہم جو کہتے ہیں وہ کرکے دکھاتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ماضی کے حکمرانوں کی طرح نمائش کرتے ہیں نہ شوبازی۔چیف منسٹر انصاف امداد پروگرام کے تحت اصل حقداروں کو ان کا حق پہنچائیں گے ۔چیف منسٹر انصاف امداد پروگرام کے تحت ایک لاکھ 70ہزار مستحق افراد کو مالی امداد پہنچا دی گئی ہے ۔ مستحق افراد میں 24گھنٹے کے اندر تقریبا ً 150کروڑ روپے کی مالی امداد تقسیم کی گئی ہے ۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے وزراء کو اضلاع میں کورونا کے ساتھ گندم خریداری مہم کی نگرانی کرنے کا ٹاسک بھی سونپ دیاہے ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ حکومت کاشتکاروں کے حقوق اور صحت کا تحفظ یقینی بنائے گی،گندم خریداری کے دوران کورونا وائرس کی وجہ سے حتیٰ الامکان اجتماع سے گریز لازمی ہے ۔گندم کی کٹائی کے لئے انسانی وسائل کے بجائے مشینری پر انحصار سود مند ثابت ہوگا۔ حکومت اورشہریوں کے اشتراک سے غریب او رنادار افراد کیلئے راشن اور امدادی سامان کی فراہمی کا آغازکر دیا گیاہے ۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی اپیل پر مخیر حضرات او رتاجر برادری نے کروڑوں روپے مالیت کے امدادی سامان کے خطیر عطیات پیش کئے ہیں۔مختلف اضلاع کے لئے پہلے مرحلے میں 100ٹرکوں پر مشتمل راشن اور امدادی سامان موصول ہوچکا ہے ۔بعدازاں انہوں نے پنجاب یونیورسٹی گراؤنڈ آکر اپنی نگرانی میں امدادی سامان سے بھرے ٹرک متعلقہ اضلاع کو روانہ کئے ۔دریں اثنا وزیراعلیٰ نے تونسہ کے علاقے بستی کھیوے والی میں غلط انجکشن سے باپ بیٹی کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر ڈیرہ غازی خان سے رپورٹ طلب کرلی ۔