اسلام آباد ( خبرنگار خصوصی؍ نیٹ نیوز)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اقوام عالم سفاک اور نسل پرستانہ رجحانات سے مغلوب مودی سرکار کے ہاتھوں میں موجود جوہری ہتھیاروں کی حفاظت و سلامتی کے معاملے پر نہایت سنجیدگی سے غور کریں کیونکہ اس معاملے کے اثرات محض خطے تک ہی محدود نہیں بلکہ پوری دنیا اس کی لپیٹ میں ہے ۔اپنے ٹویٹس میں انہوں نے کہا پہلے ہی 40 لاکھ بھارتی مسلمان حراستی مراکز اور شہریت کی منسوخی جیسے مظالم کے شکار ہیں، دنیا کو اسکا نوٹس لینا چاہئے کیونکہ جن بوتل سے باہر آچکا ہے اور اگر عالمی برادری نے اسکا رستہ نہ روکا تو آر ایس ایس کے غنڈوں کی بدمعاشیوں سے نفرت اور قتل و غارت گری کے رجحانات کو ہوا ملے گی۔انہوں نے کہا ہندوبالادستی کی خواہاں مودی سرکار پاکستان اور بھارت میں مقیم اقلیتوں کیلئے ہی مہلک نہیں بلکہ حقیقت میں نہرو اور گاندھی کے ہندوستان کیلئے خطرے کی علامت بن چکی ہے ، نازی ازم، نسل کشی اور آر ایس ایس-بی جے پی کے بانیوں کے قتل عام کے نظریات کے مابین ربط کو سمجھنے کیلئے محض گوگل کیجئے ،جیسے نازی ٹولہ جرمنی پر قابض ہوا ،بالکل ویسے ہی بھارت اس وقت سفاک؍نسل پرست ہندوانہ نظریات و قیادت کے نرغے میں ہے ، 2 ہفتوں سے محصور مقبوضہ کشمیر کے 90 لاکھ باشندوں کی زندگیاں خطرے میں ہیں چنانچہ اقوام متحدہ کے مبصرین کیساتھ عالمی سطح پر بھی خطرے کی گھنٹیاں بج اٹھنی چاہئے تھیں۔