نیو یارک ( نیٹ نیوز) اقوام متحدہ کی خصوصی سفیر برائے امن اور دنیا کی کم عمر ترین نوبل انعام یافتہ پاکستانی سماجی کارکن ملالہ یوسف زئی کا کہنا ہے کہ دنیا سے کورونا کی وبا کے خاتمے کے باوجود 2 کروڑ لڑکیوں کے سکول واپس نہ آنے کا خدشہ پیدا ہوگیا، ملالہ یوسف زئی نے اقوام متحدہ ( یو این) کی جانب سے آن لائن دستاویزی فلم کی نمائش کی ورچوئل تقریب کے موقع پر اپنے خطاب میں کورونا کی وجہ سے دنیا بھر میں لڑکیوں کی متاثر ہونے والی تعلیم اور خواتین کے مسائل بڑھ جانے پر بات کی، ملالہ نے مزید کہا دنیا بھر میں تعلیمی منصوبوں کو جاری رکھنے کے لیے اب سالانہ 200 ارب ڈالر کی ضرورت پڑے گی، ملالہ کے مطابق کورونا نے اقوام متحدہ کی جانب سے 5 سال قبل لڑکیوں کی تعلیم کے لیے شروع کیے گئے اہداف اور منصوبوں کو دھچکا دیا ، ملالہ نے یواین سے بھی سخت سوالات کیے اور کہا کہ کب عالمی تنظیم دنیا بھر میں 12 سال کی عمر کے بچوں کی مفت تعلیم کے حوالے سے کام کرے گی۔ یواین کب امن کو ترجیح دے گی اور کب وہ مہاجرین کی حفاظت کے لیے سخت اقدامات اٹھائے گی؟ورچوئل تقریب سے یو این سیکریٹری جنرل اینتونیو گوتریس نے بھی خظاب کیا اور انہوں نے دنیا کو بہتر بنانے کے لیے ہر کسی کو وقار کے ساتھ مواقع فراہم کرنے کی بات پر زور دیا اور کہا 30 سال سے جاری انسانی ترقی کے پائدار منصوبوں کا حالیہ صورتحال کی وجہ سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے ۔