لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے ،کامرس رپورٹر، سٹاف رپورٹر،نیوزرپورٹر،نمائندگان،مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) لاہورمیں چکی آٹا 2روپے سستا،سپرسٹورز نے سرکاری نرخوں پر دالوں ،آٹا،چینی کی فروخت بندکردی جبکہ روٹی 10،نان 15کا ہونے پر خیبرپختونخوا میں نانبائیوں نے ہڑتال ختم کردی۔تفصیل کے مطابق صدر آٹا چکی یونین لیاقت علی ملک نے کہا کہ آٹا کے ریٹ میں فی کلو 2 روپے کی کمی کر دی۔آ ٹے کے ریٹ میں کمی عوام کے مفاد میں کی گئی ہے ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت ہمارے ساتھ تعاون کر رہی ہے ۔جب حکومت کی جانب سے ہمیں سٹاک ملنا شروع ہو جائے گا ہم ریٹ میں مزید کمی لانا شروع کر دیں گے ۔ادھرپنجاب میں سپر سٹور ایسوسی ایشن بھی ڈٹ گئی ، لاہور میں سپر سٹور والوں نے حکومتی ریٹس پر دال، چینی، چاول، مرچ ، پھل اور سبزی فروخت کرنے سے انکار کردیا اور سپر سٹورز پر ڈی سی کاؤنٹرز بند کرنے کے علاوہ دالوں اور چینی کی فروخت بھی بند کردی۔اس حوالے سے سپر سٹورز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ کے ساتھ متعدد بار مذاکرات ہوئے لیکن سپر مارکیٹ سٹورز کے مسائل حل نہیں کئے گئے ۔ہم 5 فیصد مارجن پر اشیا فروخت کرنے کو تیار ہیں لیکن ہمیں قیمت ٹھیک نہیں دی جا رہی۔دریں اثنا ضلعی انتظامیہ لاہور کے افسروں نے سٹورز ڈیلرز کے ساتھ ملاقات کی۔اسسٹنٹ کمشنر سٹی تبریز مری نے مالی پورہ بند روڈ کے علاقے میں موجودعابد جنرل سٹور پر آٹا کے تھیلوں کا سٹاک پایا گیااورآٹا کا سٹاک سامنے نہیں رکھا گیا تھا لیکن جب چیک کیا گیا تو گودام کے پیچھے سٹاک پایا گیا۔اسسٹنٹ کمشنر سٹی تبریز مری نے مالک عابد کو موقع پر گرفتار کرایا اور ذخیرہ اندوزی پر 3 دن کے لئے جیل بھیج دیا ۔اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن ذیشان نصر اﷲ رانجھانے گولڈن کریانہ ڈیلر کا ٹاؤن شپ کے علاقے میں دورہ کیا۔گولڈن کریانہ میں ذخیرہ شدہ 100 آٹے کے بیگز پائے گئے جس پر ڈیلر کو گرفتار کرادیا، اسی طرح وقاص کریانہ سٹور کی انسپکشن بھی کی گئی۔انہوں نے 20 کلو آٹے کا تھیلا 960 روپے میں فروخت کرنے پر مالک کو موقع پر گرفتار کرایا۔علاوہ ازیں صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے کہا کہ رواں مالی سال پنجاب کے عوام کو سستے آٹے کی فراہمی کیلئے گندم پر 71 ارب روپے کی سبسڈی دی جارہی ہے ۔اگر ہم عوام کو سستے داموں آٹے کی فراہمی کے لئے گندم پر اربوں روپے کی سبسڈی دے رہے ہیں تو حکومت پوچھنے کا بھی حق رکھتی ہے ۔اس موقع پر صوبائی وزیر خوراک سمیع اللہ چودھری نے کہا کہ ایک جھوٹے اور سوچے سمجھے منصوبے کے تحت پنجاب میں گندم اور آٹے کا بحران پیدا کرنے کی کوشش کی گئی۔بعدمیں انہوں نے شادمان ماڈل بازار میں سستے آٹے کے ٹرک سٹیشن کا دورہ کیا۔ادھر سندھ ہائیکورٹ نے ملک بھر میں آٹے ، گندم کے بحران، سمگلنگ، ذخیرہ اندوزی کے خلاف دائر درخواست پر وفاقی اور صوبائی کو 7فروری کے نوٹس جاری کردئیے ۔علاوہ ازیں صوبائی وزیر خوراک ہری رام کشوری لال نے فلور ملز ایسوسی ایشن کے نمائندوں کے ہمراہ کراچی کے مختلف علاقوں کے لئے آٹے کے 60 ٹرک روانہ کئے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے گندم درآمد کرنے کی پالیسی ناکام ہوگی۔ مارچ تک سندھ میں گندم کی نئی فصل آجائے گی، گندم کی درآمد سے کسانوں کا استحصال ہوگا۔دوسری طرف خیبرپختونخوا میں مذاکرات کامیاب ہونے پر نانبائیوں نے ہڑتال ختم کردی۔ضلعی انتظامیہ نے نانبائی ایسوسی ایشن کا مطالبہ تسلیم کرلیا۔صدر نانبائی ایسوسی ایشن تسبیح اللہ کے مطابق 170گرام وزن کی روٹی 15روپے میں فروخت ہوگی۔115گرام کی روٹی کی قیمت 10روپے مقرر کی گئی ہے ۔قبل ازیں ضلعی انتظامیہ پشاور نے کارروائی کر تے ہوئے پشاور میں 2فلور ملز کو سرکاری آٹے کو بلیک میں فروخت کرنے پر سیل کر کے سرکاری گندم کا کوٹہ منسوخ کر دیا۔